Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز خان کے والد نے کپتان روہت شرما سے کس بات کی درخواست کی؟

نوجوان بیٹر کے ڈیبیو کے لیے اُن کے والد نوشاد خان اور اُن کی اہلیہ رومانا بھی سٹیڈیم میں موجود تھے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں انڈیا کی جانب سے دو نوجوان کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا۔
جمعرات سے راجکوٹ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں ممبئی سے تعلق رکھنے والے 26 برس کے سرفراز خان اور آگرہ سے تعلق رکھنے والے 23 برس کے وکٹ کیپر بیٹر دھرُوو جوریل نے قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا۔
راجکوٹ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اپنے ڈیبیو پر سرفراز خان نے 66 گیندیں کھیل کر 9 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 62 رنز بنائے جس کے بعد وہ رویندرا جڈیجہ کی غلط کال کے باعث نان سٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ ہوگئے۔
نوجوان بیٹر کے ڈیبیو کے لیے اُن کے والد نوشاد خان اور اُن کی اہلیہ رومانا بھی سٹیڈیم میں موجود تھے جو سارا دن کیمروں کی زینت بنے رہے۔
سرفراز خان کو جب میچ سے قبل سابق انڈین سپنر انیل کمبلے نے ٹیسٹ کیپ دی تو اُس وقت ڈیبیوٹنٹ ہاتھ میں کیپ پکڑے سیدھا والد اور اہلیہ کے پاس گئے جہاں کافی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔
ٹاس کے لیے جانے سے قبل انڈین کپتان روہت شرما اور سرفراز خان کے والد نوشاد خان کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔
روہت شرما نے نوشاد خان سے کہا کہ ’آپ نے جو کیا ہے یہ سب کو معلوم ہے۔‘
اس کے بعد نوشاد خان کی جانب سے کپتان سے درخواست کی گئی کہ ’سر دھیان رکھنا (یعنی سرفراز کا خیال رکھا)۔‘
اس پر روہت شرما نے کہا کہ ’بالکل بالکل۔‘
یہاں واضح رہے کہ سرفراز خان کے والد نوشاد خان سابق فرسٹ کلاس کرکٹر رہ چکے ہیں اور وہ ممبئی میں کرکٹ کوچنگ کرتے ہیں۔
دوسری جانب راجکوٹ ٹیسٹ میں انڈیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 445 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 131، رویندرا جڈیجہ نے 112 اور سرفراز خان نے 62 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے مارک وُڈ نے چار، ریحان احمد نے دو جبکہ جیمز اینڈرسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

شیئر: