Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز نے 27 سال بعد آسٹریلیا کو ٹیسٹ میچ میں شکست دے دی

دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فاسٹ بولر شمر جوزف کی تباہ کن بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو تاریخ ساز فتح سے ہمکنار کر دیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر شمر جوزف نے برسبین میں دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے اپنی ناتجربہ کار ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف 8 رنز سے فتح دلوائی۔
ایک سیشن میں 6 وکٹیں اور مجموعی طور پر میچ میں 68 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کرنے والے شمر جوزف گذشتہ روز مچل سٹارک کی تیز رفتار گیند پاؤں پر لگنے کی وجہ سے ریٹائر ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
اتوار کو 216 رنز کے تعاقب میں میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا کی پوری ٹیم 207 پر ڈھیر ہو گئی اور شمر جوزف نے ویسٹ انڈیز کو 1997 کے بعد ٹیسٹ میں پہلی جیت دلا دی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 193 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جب کہ اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز 289 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی جب کہ ان کی ٹیم اس وقت مہمان ٹیم کی پہلی اننگز 311 کے مجموعی سکور سے پیچھے تھی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، مہمان ٹیم کی تاریخ فتح کے ساتھ دو میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہو گئی ہے۔

شیئر: