سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہی مہمانوں کے تیسرے گروپ کے باقی ارکان جمعرات کی شب مدینہ منورہ پہنچے تھے جس کے بعد گروپ کے مہمانوں کی تعداد مکمل ہوگئی جو کہ 250 پر مشتمل ہے۔
شاہی مہمانوں کی مملکت میں میزبانی کے فرائض وزارت اسلامی امور کے ذمہ ہیں جو انہیں بخوبی ادا کررہے ہیں۔ مدینہ منورہ شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر شاہی مہمانوں کا استقبال وزارت کے اعلی عہدیداروں نے کیا بعدازاں انہیں مخصوص بسوں کے ذریعے ہوٹل پہنچایا گیا۔
شاہی مہمانوں کا تعلق اردن ، مصر ، عراق ، لبنان ، الجزائر، مراکش ، نائیجریا ، جنوبی افریقہ ، چاڈ ، ایتھوپیا ، کیمرون ، کینیا ، سنیگال ، یوگینڈا اور مورتانیا سے ہے۔
مہمان مدینہ منورہ میں چند روز قیام کریں گے جہاں وہ مسجد قبا، مسجد قبلتیں ، شہداء احد اوردیگر مقامات کی زیارت کرنے کے بعد عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہو جائیں گے۔