سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے ٹاس ہارنے کے بعد مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان کے 195 رنز بنائے تھے۔
قلندرز کی جانب سے رسی فین ڈر ڈسن نے 71، صاحبزادہ فرحان نے 54 اور عبداللہ شفیق نے 28 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے ٹائمال ملز نے دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
شاداب خان اور آغا سلمان کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر الیکس ہیلز نے ہدف کے جواب میں جارحانہ آغاز کیا جس کے بعد اسلام آباد کے لیے تیزی سے رنز بننے لگے۔
الیکس ہیلز کے ساتھ دوسرے اینڈ پر کولن منرُو کا بیٹ خاموش رہا جنہوں نے 11 گیندوں پر صرف 5 رنز بنائے اور زمان خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
کولن منرُو کے آؤٹ ہونے کے بعد ایلکس ہیلز نے تیز بیٹنگ جاری رکھی اور انہوں نے شاداب خان کے ساتھ مل کر 14 گیندوں پر 21 کی مختصر شراکت قائم کی۔
الیکس ہیلز 28 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد سلمان فیاض کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
تیسری وکٹ کے لیے شاداب خان اور آغا سلمان کے درمیان 67 گیندوں پر 138 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ قائم ہوئی۔
دونوں بیٹرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے بولروں کی ہر چال ناکام بنائی۔
شاداب خان نے 41 گیندوں پر 74 رنز بنائے جبکہ آغا سلمان نے 31 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی۔
لاہور قلندرز کی اننگز
ٹاس ہارنے کے بعد لاہور قلندرز کے اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان کی جانب سے دھواں دھار آغاز کیا گیا۔
دونوں اوپنرز کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت دیکھنے کو ملی جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولر بے بس دکھائی دیے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے یہ شراکت خطرناک بنتی ہی جا رہی تھی کہ کپتان شاداب خان نے پاورپلے ختم ہونے کے بعد اگلے ہی اوور میں فخر زمان کو 13 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔
لاہور قلندرز کے لیے صاحبزادہ فرحان نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے ففٹی سکور کی تاہم وہ اپنی ففٹی کے بعد 57 رنز بنا کر ٹائمال ملز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دو کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد جب میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے پلڑے میں جانے لگا تو تیسری وکٹ کے لیے رسی فین ڈر ڈسن اور عبداللہ شفیق نے 73 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
رسی فین ڈر ڈسن نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولروں کی ایک نہ چلنے دی اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 سکور بنائے۔
رسی فین ڈر ڈسن کا ساتھ دوسرے اینڈ پر عبداللہ شفیق نے بھی خوب نبھایا اور 22 گیندوں پر 28 رنز بنائے تاہم وہ 17ویں اوور کی دوسری گیند پر ٹائمال ملز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد رسی فین ڈر ڈرسن کے ساتھ ڈیوڈ ویزا کریز پر آئے جو 8 گیندوں پر 14 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر 18ویں مرتبہ آمنے سامنے آئی تھیں۔
اس سے قبل لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 17 میچ ہو چکے ہیں جس میں 9 مرتبہ جیت یونائیٹڈ اور 8 مرتبہ فتح قلندرز نے حاصل کی۔
خیال رہے اس ایونٹ میں صرف یہ دونوں ٹیمیں دو دو مرتبہ پی ایس ایل ٹرافی جیت چکی ہیں۔