پی ایس ایل جہاں کرکٹ شائقین کو کانٹے کے میچ فراہم کرتا ہیں وہیں ٹیموں کی ’آف دی فیلڈ‘ سرگرمیاں بھی کافی اہمیت کی حامل سمجھی جاتی ہیں۔
اس مرتبہ کے سیزن کے لیے پی ایس ایل کی جانب سے آفیشل اینتھم ریلیز کر دیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 2024 کے آفیشل اینتھم کا ٹائٹل ’کھل کے کھیل‘ ہے جسے معروف گلوکار علی ظفر اور گلوکارہ آئمہ بیگ نے گایا ہے۔
ہر سال جہاں پی ایس ایل کا اینتھم ریلیز ہوتا ہے وہیں تمام ٹیمیں اپنا اپنا ترانہ بھی ریلیز کرتی ہیں تاہم اس سیزن کے لیے اب تک صرف پشاور زلمی نے اپنا ترانہ ریلیز کیا ہے۔
پشاور زلمی نے جمعرات کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رواں برس کے سیزن کے لیے ترانہ ریلیز کیا جس کا ٹائٹل ’زلمی آواز‘ ہے۔
پشاور زلمی کا یہ ترانہ پشتو زبان میں ہے جسے معروف سنگر رحیم شاہ نے گایا ہے۔
اس ترانے میں پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کو چھکے اور چوکے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ترانے کی ویڈیو میں رحیم شاہ پشاور کے زیر تعمیر ’ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم‘ میں پرفارم کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ زلمی آواز میں پشاور شہر کے تاریخی مقامات کو بھی دکھایا گیا ہے۔
دوسری جانب پشاور زلمی کے علاوہ ابھی تک باقی کسی بھی فرنچائز نے رواں سیزن کے لیے اپنا ترانہ جاری نہیں کیا جس کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
باقی ٹیموں کے سوشل میڈیا پر ابھی تک آفیشل ٹیم اینتھم کے بارے میں خاموشی پائی جا رہی ہے جبکہ ٹیموں کی سوشل میڈیا پوسٹ میں گزشتہ برس کے ترانے ہی شامل کیے جا رہے ہیں۔