جاتی سردی لوٹ آئی، مری، نتھیاگلی اور گلگت بلتستان میں برفباری
پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش اور سیاحتی مقامات پر برفباری کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر جاتی سردی لوٹ آئی ہے۔
پیر کو محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سیاحتی مقام مری، نتھیا گلی، سوات، گلگت بلتستان اور وادی نیلم میں برفباری ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سوات، ملاکنڈ، مظفر آباد، گجرات اور اٹک سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے وقفے وقفے سے بارشوں کو سلسلہ بھی جاری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالم جبہ میں چار، کوٹلی اور کالام میں صفر اعشاریہ پانچ انچ برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔
اتوار کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق ضلع گوپس میں درجہ حرارت منفی چار، کالام میں منفی تین، بگروٹ اور ہنزہ میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر شہروں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
20 فروری کو بھی بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
مری، نتھیا گلی اور گلگت بلتستان پر 21 اور 22 فروری کو بھی برفباری ہو سکتی ہے۔