پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش اور شمالی علاقوں میں برفباری کا امکان
پاکستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے (فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سنیچر اور اتوار کو پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش اور شمالی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی/ مشرقی بلوچستان، سندھ، جنوبی/وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اس دوران شمالی/مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔
اتوار کو ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا، تاہم گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم
ملک کے بیشترعلاقوں میں مطلع ابر آلود رہا، جبکہ بلوچستان، زیریں خیبر پختونخوا، سندھ اور جنوبی/وسطی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے شہروں تربت، پنجگور، خضدار، قلات، لسبیلہ، کوئٹہ(سمنگلی)، سبی اور بارکھان میں ریکارڈ کی گئی۔
خیبر پختونخوا میں پاراچنار اور بنوں میں بارش ہوئی۔ سندھ میں جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، پڈعیدن ،سکھر، خیرپور، روہڑی، سکرنڈ، حیدرآباد اور کراچی میں بھی بارش ہوئی۔
پنجاب میں رحیم یار خان، خانپور اور بہاولپور میں بارش ہوئی۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کالام، لہہ منفی 10، استور منفی 07، گو پس، مالم جبہ منفی 06، اسکردو منفی05 اور بگروٹ میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔