کراچی میں بچوں کی لڑائی میں دو بچوں کے باپ کی جان چلی گئی
پولیس کے مطابق واقعہ بھٹائی آباد میں پیش آیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے شہر کراچی میں بچوں کی معمولی لڑائی نے ایک شخص کی جان لے لی جو یونین کونسل کے منتخب چیئرمین تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر بلاک بھٹائی آباد میں محلے کے بچوں کے درمیان معمولی جھگڑا ہوا، جو بعدازاں پیر اور منگل کی درمیانی رات گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کی شکل میں بدل گیا۔
دونوں طرف سے ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی، جس سے ایک شخص ہلاک اور چھ افراد زخمی بھی ہوئے۔ کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملیر کینٹ کی حدود میں مگسی اور عیسٰی گروپ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت صابر مگسی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں پونل خان، منصف سنجرانی، سجاد سنجرانی، معراج سنجرانی، شعیب اور حسین شامل ہیں۔
مرنے والے شخص کے ساتھی نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا اور گلستان جوہر یو سی نائن کے منتخب چیئرمین تھے۔
انہوں نے بتایا کہ صابر مگسی دو بچوں کے والد تھے اور پراپرٹی کا کام کرتے تھے۔