جی میل اگست سے بند ہو رہا ہے؟ سرچ انجن گُوگل کی وضاحت
گوگل کا کہنا ہے جی میل کو بند نہیں کیا جا رہا (فوٹو: گوگل)
اگست میں جی میل کی بندش کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر سرچ انجن گوگل کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ایسی پوسٹ سامنے آئی تھی جو بظاہر گوگل ہی کی جانب سے جاری کردہ لگ رہی تھی کیونکہ اس پر لوگو بھی دیکھا جا سکتا تھا۔
یہ پوسٹ فوراً وائرل ہو گئی اور کروڑوں صارفین تک پہنچی۔
اس میں دعوٰی کیا گیا تھا کہ کمپنی اپنی جی میل سروس اگست سے بند کر رہی ہے، جس سے انٹرنیٹ صارفین میں تشویش کی لہر پھیل گئی تھی۔
اس حوالے سے صارفین نے کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹس کیں اور جاننے کی کوشش کی گئی کیا واقعی ایسا ہونے جا رہا ہے؟

پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ ’دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کے بعد یہ سفر ختم ہونے جا رہا ہے۔‘
پوسٹ میں بندش کے لیے یکم اگست 2024 کی تاریخ بتائی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ اس روز تک صارفین اپنے اکاؤنٹس پر موجود ڈیٹا کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، اور اس کے بعد نہ وہاں سے پیغام بھیجا جا سکے اور نہ ہی وصول کیا جا سکے گا۔
صارفین کی جانب سے بے تحاشا سوالات کے بعد گوگل نے اس حوالے سے وضاحت جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ پوسٹ فیک تھی اور جی میل کو بند نہیں کیا جا رہا۔
گوگل کی جانب سے ایکس پر کی جانے والی پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ جی میل کہیں نہیں جا رہا۔

سوشل میڈیا پر ٹیکنالوجی کے ایکسپرٹس نے بھی صارفین کو یہ بتانے کی کوشش کی کہ دراصل معاملہ کیا ہے۔
مارشا کولیئر نے بندش کی پوسٹ کے نیچے لکھا کہ کمپنی نے جی میل کا ایچ ٹی ایم ایل ورژن اس سال بند کیا ہے جس سے جی میل کی سروس پر کوئی فرق نہیں پڑا۔