رانچی ٹیسٹ: انڈیا کی انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست، سیریز 1-3 سے اپنے نام کر لی
رانچی ٹیسٹ: انڈیا کی انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست، سیریز 1-3 سے اپنے نام کر لی
پیر 26 فروری 2024 15:19
میچ میں عمدہ پرفارمنس پر دھرُوو جوریل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور انگلینڈ کے پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے چوتھے میچ میں انڈیا نے انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
رانچی میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انڈیا نے انگلینڈ جانب سے دیے گئے 192 رنز کے ہدف کو پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
دوسری اننگز میں انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 55، شبھمن گِل نے 52 اور دھرُوو جوریل نے 39 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے دوسری اننگز میں شعیب بشیر نے تین جبکہ جو رُوٹ اور ٹام ہارٹلی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 145 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
انگلینڈ کی طرف سے دوسری اننگز میں زیک کرالی نے 60، جونی بیئرسٹو نے 30 اور بین فوکس نے 17 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے رویچندرن اشون نے پانچ، کلدیپ یادو نے چار اور رویندرا جڈیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد انگلش ٹیم نے پہلی اننگز میں جو رُوٹ کی 122 رنز کی اننگز کی بدولت 353 رنز بنائے۔
اس کے جواب میں انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 307 رنز بنائے تھے۔
انڈیا کی جانب سے پہلی اننگز میں دھرُوو جوریل نے 90 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کی طرف سے نوجوان سپنر شعیب بشیر نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کو بین سٹوکس کی کپتانی اور برینڈن مکلم کی کوچنگ میں پہلی بار کسی ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی ہے۔
دوسری جانب انڈیا نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں مسلسل 17ویں ٹیسٹ سیریز جیت لی ہے۔
میچ میں عمدہ پرفارمنس پر دھرُوو جوریل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 7 مارچ سے دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا۔