پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بننے والے فاسٹ بولر محمد عامر کی فیملی کے ساتھ ملتان سٹیڈیم میں ’بدتمیزی‘ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لے لیا ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر محمد عامر نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے ملتان سٹیڈیم میں میری فیملی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر نوٹس لیا اور اپنا قیمتی وقت نکال کر مجھے کال کی۔‘
مزید پڑھیں
محمد عامر نے کہا ’ڈپٹی کمشنر ملتان نے تمام غلط فہمیوں کو دور کر دیا ہے۔ میں مریم نواز کے اس اقدام کو سراہتا ہوں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔‘
I am highly grateful for the chief minister's @MaryamNSharif attention to my matter and for taking out the precious time to call me. All misunderstanding has been cleared by Deputy Commissioner Multan himself , I sincerely appreciate it and extend my best wishes to you as you…
— Mohammad Amir (@iamamirofficial) February 27, 2024
اس سے قبل محمد عامر نے پیر کے روز ہونے والے پی ایس ایل میچ کے دوران ڈپٹی کمشنر ملتان پر مبینہ طور پر ان کی فیملی سے بدسلوکی کا الزام عائد کرتے ہوئے مریم نواز سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
محمد عامر نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا ’میں ملتان کے ڈپٹی کمشنر کے ناقابل قبول رویے سے حیران ہوں، جنہوں نے مبینہ طور پر میرے خاندان کے ساتھ بدسلوکی کی، تکبرانہ انداز سے گراؤنڈ کی ملکیت کا دعویٰ کیا اور میچ کے دوران میری فیملی کو بلاجواز باہر نکال دیا۔ طاقت کا یہ غلط استعمال ناقابل برداشت ہے، امید کرتا ہوں مریم نواز اس پر ایکشن لیں گی۔‘
Shocked by the unacceptable behavior of the Deputy Commissioner of Multan, who reportedly mistreated my family, arrogantly claiming ownership of the ground & unjustly ejecting them during a match. This abuse of power is intolerable! Urging authorities for immediate action…
— Mohammad Amir (@iamamirofficial) February 26, 2024