Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بیٹسمین کس کو دیکھ رہا ہے‘ محمد عامر نے عمران خان کی دلچسپ تصویر شیئر کر دی

محمد عامر نے جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں ضلع راولپنڈی کے حلقے این اے 55 کے نتائج پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے سابق وزیراعظم اور کپتان عمران خان کی دلچسپ تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے طنزیہ اور ڈھکے چھپے الفاظ میں پیغام بھی دے ڈالا ہے۔
محمد عامر نے سنیچر کو عمران خان کی 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران بیٹنگ کی تصویر شیئر کی۔
محمد عامر نے عمران خان کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بیٹسمین کس کو دیکھ رہا ہے؟ ویسے بہت ہی پیاری پکچر (تصویر) ہے۔‘
سابق فاسٹ بولر نے سابق وزیراعظم کی تصویر 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے تناظر میں شیئر کی۔
یہاں واضح رہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو قومی اسمبلی کی نشستوں پر برتری حاصل ہے۔
 
اسی طرح پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے الزام لگایا جا رہا ہے کہ انتخابات میں ایک مرتبہ پھر سے دھاندلی کی جا رہی ہے اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کو جان بوجھ کر ہرایا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں محمد عامر نے جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں ضلع راولپنڈی کے حلقے این اے 55 کے نتائج پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک ابرار کی جیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہیں۔ یہ کیسے؟‘
 
محمد عامر کی عمران خان کی حمایت میں ٹویٹ پر صارفین کے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
سیف اللہ خان آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’25 کروڑ عوام کو دیکھ رہا ہے جو اُس کی اصل طاقت ہے۔‘
 
مسکان نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کیا کہ ’پتا نہیں، پر پوری دنیا اس بیٹسمین کو ضرور دیکھ رہی ہے۔‘
 

 

شیئر: