توانائی کے شعبے میں 50 ہزار اسامیاں پیدا کی جائیں گی، شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان
مملکت کی سحطح پر اپنی نوعیت کے پہلے کالج ’کابسارک‘ کے قیام کا اعلان کیا گیا(فوٹو، ایس پی اے
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ مزید 50 ہزار اسامیوں کی گنجائش پیدا کی جائے گی تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمتیں فراہم کی جاسکیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر توانائی نے ریاض کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ولی عہد کی زیر سرپرستی منعقد ہونے والی کانفرنس ’ ہیومن کیپبلیٹی انیشیٹو‘ ( انسانی صلاحتیوں کو ابھارنے کے لیے مہم ) سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے میں 75 فیصد سعودائزیشن کے قانون پرعمل درآمد کرنے کے پابند ہیں۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف کے مطابق توانائی کے شعبے میں خواتین کو باختیار بنانا مملکت کے قائدین کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اور مملکت میں اس شعبے میں خواتین کی شراکت 15 فیصد ہے اس میں مزید اضافے کی گنجائش ہے۔
انہوں نے اس بات پر زوردیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے اہم کردار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جبکہ مملکت میں خواتین کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔
وزیر توانائی نے مزید کہا مملکت میں دو بنیادی ضوابط کو مقدم رکھا جارہا ہے جن میں ’نوجوان‘ اور ’خواتین کو بااختیاربنانا‘ ہے اس کے علاوہ کوئی تیسرا اصول سامنے نہیں۔
کانفرنس میں وزیر توانائی نے مملکت کی سحطح پر پہلے اعلی سطح کے کالج ’کابسارک‘ ( پبلک پالیسیزہائیر اسٹڈیز کالج) کے قیام کا اعلان کیا جونہ صرف مملکت بلکہ خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا اعلی ترین کالج ہوگا۔