Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر اسلامی امور کا مسجد تنعیم اور مسجد نمرہ کا دورہ، رمضان تیاریوں کا جائزہ

ترقیاتی منصوبے پرایک ارب 58 کروڑ  83 لاکھ  ریال سے زائد لاگت آئی (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ  نے رمضان المبارک کے حوالے سے بدھ کو عرفات میں مسجد نمرہ اور مسجد تنعیم کا دورہ کیا اور وہاں  ہونے والے کاموں کا جائزہ لیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق  میدان عرفات میں مسجد نمرہ کا عقبی صحن بھی عازمین حج  کے لیے تیار کرلیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اسلامی امور نے وہاں کام کرنے والی انجینیئر ٹیم سے بھی ملاقات کی  اور کام کے معیار اور احساس ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا۔
ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عمرہ اور حج زائرین کو سہولت ہوگی۔

آل الشیخ نے مسجد تنعیم کا بھی دورہ کیا۔ (فوٹو ایس پی اے)

ترقیاتی امور کے حوالے سے وزیر اسلامی امور کو بتایا گیا کہ عازمین کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے  لیے پروجیکٹ مسٹ ایئر کولنگ ٹیکنالوجی کے تحت کام کرتا ہے جو بیرونی ہوا سے تھرمل توانائی جذب کرکے اندرونی درجہ حرارت کو کم کرتا ہے۔
مذکورہ پروجیکٹ  60 پنکھوں پر مشتمل ہے جنہیں 29 کنکریٹ پلرز پر تقسیم کیا گیا ہے۔ پروجیکٹ 12 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے اس طرح درجہ حرارت کو 9 سینٹی گریڈ تک کم کرنا ممکن ہوسکتا ہے ۔


 ترقیاتی منصوبوں سے امسال رمضان میں عمرہ زائرین مستفیض ہوسکیں گے(فوٹو ایس پی اے)

دوسری جانب وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے بدھ کو ہی مسجد تنعیم کا بھی دورہ کیا۔ یہ ’مسجد عائشہ‘ کے نام سے معروف ہے۔
وزیر اسلامی امور کو وہاں نافذ  کیے جانے والے نئے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ترقیاتی منصوبے سے اس سال رمضان المبارک میں آنے والے عمرہ زائرین مستفیض ہوں گے۔

ڈاکٹر عبداللطیف آل شیخ نے  کارکن خواتین سے بھی ملاقات کی(فوٹو ایس پی اے)

اس موقع پر ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کو بتایا گیا کہ یہاں آنے والے زائرین کو گرمی سے بچانے کے لیے مسجد میں کولنگ کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے پر ایک ارب 58 کروڑ  83 لاکھ  ریال سے زائد لاگت آئی ہے ۔
ترقیاتی منصوبے میں اندرون و بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے تیار کیے گئے کار پارکنگ اور دیگر مقامات علاوہ مسجد میں داخلے اور اطراف میں 51 کیمرے نصب کیے گئے  ہیں جس کے ذریعے نگرانی کا کام انجام دیا جاسکے گا۔ 


عمرہ زائرین نے مسجد میں کیے گئے مثالی انتظامات کو سراہا (فوٹو ایس پی اے)

وزیر اسلامی امور کو بتایا گیا کہ مسجد میں عمرہ زائرین کے لیے رہنما کتابچے مختلف زبانوں میں فراہم گئے ہیں۔
 انہوں نے وہاں موجود اہلکاروں اورعمرہ زائرین سے بھی ملاقات کی اور انکا احوال دریافت کیا۔
مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین نے مسجد میں کیے جانے والے اعلی انتظامات پروزیر اسلامی امور کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
آل الشیخ نے خواتین اہلکاروں  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ آپ کا فرض ہے کہ عمرہ زائرین کو بہتر خدمات فراہم کریں تاکہ جب وہ یہاں سے رخصت ہوں تو خوشگوار یادیں ساتھ لے کر جائیں‘۔
آخر میں وزیر اسلامی امور نے مسجد کے بعض  منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: