سعودی عرب میں مساجد کی تعمیر کے لیے ایک ارب 40 کروڑ ریال کے عطیات
رضاکارانہ عطیہ دینے والوں کی 459 درخواستوں کو منظورکیا گیا۔ (فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس مملکت کے مختلف علاقوں میں مساجد کی تعمیر اور اصلاح کے حوالے سے رضاکارانہ عطیہ دینے والوں کی 459 درخواستوں کو منظور کیا گیا۔
سبق نیوز کے مطابق مساجد کی تعمیر و اصلاح اور مرمت کے حوالے سے عطیہ کنندگان کی جانب سے ایک ارب 40 کروڑ ریال فراہم کیے گئے تھے۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے مساجد کی تعمیر و اصلاح اور مرمت کے ضمن میں رضاکارانہ عطیہ کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
واضح رہے مملکت میں وزارت اسلامی امور و دعوۃ والارشاد کی جانب سے مختلف علاقوں، شہروں اورقصبوں میں قائم مساجد کی تعمیر نو، اصلاح اور مرمت کے علاوہ نئی مساجد کی تعمیر کے لیے عطیہ وصول کرنے کا طریقہ کار مقرر ہے جس کے تحت اس کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔
جس مسجد کی تعمیر یا اصلاح کے لیے رقم عطیہ کی جاتی ہے اس کے بارے میں عطیہ کنندگان کو مطلع بھی کیا جاتا ہے۔
مساجد کے لیے عطیہ کے ضوابط کا مقصد جامع اور درست انداز میں عطیہ کی گئی رقم کو خرچ کرنا ہے۔