Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں 100 علماء اور اساتذہ کی خدمات: شیخ السدیس

سہولتوں کی فراہمی کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جارہا ہے۔ (فوٹو الاخباریہ چینل)
سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ’مسجد نبوی الشریف میں آنے والے زائرین کو دینی حوالے سے بہترین رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ایک سو سے زائد علماء اور اساتذہ کی خدمات فراہم کی گئی ہیں‘۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ السدیس نے مزید کہا کہ ’زائرین کو بہترطریقے سے آگاہی فراہم کرنے کی غرض سے مسجد نبوی الشریف کے مختلف مقامات پرعلماء کی مجالس کا انتظام بھی کیا گیا ہے‘۔
السدیس نے کہا کہ ’عصری تقاضوں کو بھی بروئے کار لاتے ہوئے زائرین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کی غرض سے مصنوعی ذہانت کا بھی استعمال کیا جارہا ہے‘۔
شیخ السدیس نے مزید کہا کہ ’زائرین حرمین کی خدمت مملکت کے قائدین کی اولین ترجیح ہے‘۔
ماہ مبارک کی آمد کے حوالے سے شیخ السدیس نے کہا کہ ’رمضان المبارک کے دوران روزے کے اہم مسائل اور آداب سے مطلع کرنے کے لیے خصوصی طورپرآگاہی مہم بھی لانچ کی گئی ہے تاکہ زائرین مسجد نبوی الشریف ماہ مقدس میں یکسو ہو کر اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت الہی میں گزار سکیں‘۔
دینی امور کے سربراہ نے کہا کہ ’زائرین کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ان کی اپنی زبان میں ترجمہ شدہ دینی کتب کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا تھا تاکہ مختلف ممالک سے آنے والے زائرین اس سے بہتر طورپر مستفیض ہوں‘۔
شیخ السدیس نے کہا کہ ’ماہ مبارک کے دوران درس قرآن کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جس کے لیے منظم منصوبے کے تحت قرآن کریم کے حلقوں میں اضافہ کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مستفیض ہوسکیں‘۔
مصنوعی ذہانت کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے شیخ السدیس کا کہنا تھا کہ ’خصوصی روبوٹس کا انتظام کیا گیا ہے جس کے ذریعے کوئی بھی زائر باآسانی روبوٹ کے ذریعے اپنی زبان کے ماہر علوم دینیہ سے رابطہ کرسکتا ہے‘۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: