نائیجیریا کے سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن شروع
جمعرات 29 فروری 2024 11:52
’سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن کم و بیش 14 گھنٹے جاری رہے گا‘ (فوٹو: سبق)
کنگ عبد العزیز میڈیکل سٹی ریاض میں نائیجیریا کے سیامی بچوں حسنہ اور حسینہ کو علیحدہ کرنے کا آپریشن شروع ہوچکا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طبی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ بن عبد العزیز الربیعہ نے کہا ہے کہ ’سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن کم و بیش 14 گھنٹے جاری رہے گا‘۔
’آپریشن 9 مراحل پر مشتمل ہوگا اور اس میں 38 طبی ماہرین کے علاوہ عملہ شریک ہوگا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن انتہائی پیچیدہ ہے اور اس کی کامیابی کے 70 فیصد امکانات ہیں‘۔
انہوں بتایا ہے کہ ’سعودی عرب سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کا یہ 60 واں آپریشن ہے‘۔
’گزشتہ 34 سال سے 25 ممالک سے تعلق رکھنے والے 135 بچوں کو علیحدہ کیا گیا ہے‘۔
قبل ازیں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کے حکم پر نائیجیریا کے سیامی بچوں کو ریاض لایا گیا تھا جہاں کنگ عبد العزیز میڈیکل سٹی میں ان کا معائنہ ہوا۔