جڑی ہوئی نائجیرین بچیوں کو الگ کرنے کےلیے 14 گھنٹے کا پیچیدہ آپریشن کامیاب
جڑی ہوئی نائجیرین بچیوں کو الگ کرنے کےلیے 14 گھنٹے کا پیچیدہ آپریشن کامیاب
جمعرات 29 فروری 2024 21:18
کا میاب آپریشن پر ہسپتال میں موجود بچیوں کے والدین نے سجدہ شکر ادا کیا (فوٹو العربیہ چینل)
سعودی دارالحکومت ریاض میں نائیجرین سیامی بچیوں کو الگ کرنے کا طویل اور پیچیدہ آپریشن کامیاب ہو گیا۔ کامیابی کی خبر سن کر بچیوں کے والدین سجدہ ریز ہو گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریاض میں وزارت نیشنل گارڈ کے زیر انتظام شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی میں نائیجرین بچیوں ’حسنہ اور حسینہ‘ کو جدا کرنے کا آپریشن کا آغاز جمعرات کی صبح کیا گیا تھا۔
سیامی بچیوں کا نچلا دھڑ جڑا ہوا تھا جس کی وجہ سے آپریشن انتہائی مشکل اور پیچیدہ تھا جو تقریبا 14 گھنٹے میں مکمل ہوا۔
میڈیکل ٹیم کے سربراہ اور ایوان شاہی کے مشیر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ’حسنہ اور حسینہ ‘ کو گزشتہ برس 31 اکتوبر کو مملکت لایا گیا تھا۔ بعدازاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے اور آپریشن کے تمام مراحل کا متعلقہ ٹیموں نے مطالعہ کیا۔
دونوں بچیوں کا پیٹ اور نچلا دھڑ جڑا ہوا تھا جس کے لیے مختلف شعبوں کے ماہر سرجنوں کی ٹیم نے کئی دن تک کیس کا مطالعہ کیا تاکہ آپریشن کامیاب ہو۔
آپریشن کی کامیابی کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال میں موجود بچیوں کے والدین نے سجدہ شکر ادا کیا۔ بچیوں کی والدہ کے خوشی سے آنسو نکل گئے۔
واضح رہے آپریشن کے حوالے سے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی پیچیدہ پے جس میں کامیابی کے امکانات 70 فیصد ہوسکتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں