آپریشن کے بعد نائجیرین بچیوں کی حالت تسلی بخش ہے، ڈاکٹر الربیعہ
شاہ سلمان مرکز امدادی مرکز کے نگران اعلی اور ایوان شاہی کے مشیر ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ نائجیرین سیامی بچیوں کو الگ کرنے کے بعد انکی حالت میں بہتری آرہی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹرالربیعہ نے مزید کہا کہ ’حسینہ اور حسنہ ‘ کو الگ کیے ہوئے 48 گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزرچکا ہے۔ دونوں بچیوں کی حالت تسلی بخش ہے۔ انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
آپریشن کے حوالے سے ڈاکٹر الربیعہ کا کہنا تھا کہ بچیوں کو الگ کرنے کا آپریشن انتہائی پیچیدہ تھا جو متعدد مراحل پرمشتمل تھا۔ آپریشن میں 16 گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا۔
ڈاکٹر الربیعہ نے مزید کہا کہ بچیوں کو مزید 10 دن سے دوہفتے انتہائی نگرانی وارڈ میں رکھا جائے گا جہاں طبی ٹیمیں انکی مسلسل نگرانی کررہی ہیں۔
دریں اثنا سیامی بچیوں کے والدین نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی مہربانی سے انکی بچیوں کا اپریشن ممکن ہوسکا۔
واضح رہے مملکت میں اب تک 60 سیامی بچوں کو الگ کرنے کے کامیاب آپریشن کیے جاچکے ہیں۔ اس نوعیت کے آپریشنز کا آغاز 1990 میں کیا گیا تھا۔