کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن ہدف کے تعاقب میں آغاز سے ہی دباؤ کا شکار رہی۔
اس فتح کے بعد پی ایس ایل سیزن 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ کراچی کنگز چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
کراچی کنگز کی اننگز
کراچی کنگز کی شروعات ہی مایوس کن رہی۔
اوپنر ٹم سیفرٹ چار گیندوں پر صرف ایک ہی رنز بنا کر دوسرے اوور میں وکٹ گنوائی۔
جیمز ونس کی بیٹنگ بھی کار آمد ثابت نہ ہوسکی۔ جیمز ونس صرف سات رنز بنا کر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ٹیم کے کپتان اور اوپنر شان مسعود نے 29 گیندوں پر 36 رنز بنائے اور اسامہ میر کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ شعیب ملک 38 اور لیوس ڈی پلوئے 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد عرفان خان نیازی نے تیز کھیلنے کی کوشش کی۔ لیکن وہ بھی لمبی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
حسن علی 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نواز 27 اور میر حمزہ چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر دو جبکہ ڈیوڈ ولے، محمد علی، کرس جارڈن اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ملتان سلطانز کی اننگز
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو ان کو پہلا نقصان جلد ہی ہوا۔ ریزا ہینڈرکس بلیسنگ مزا ربانی کی گیند پر لمبی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ریزا ہینڈرکس آٹھ گیندوں پر 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اس کے بعد عثمان خان کریز پر آئے اور کپتان محمد رضوان کے ساتھ ایسا کھیل جمایا کہ 17 اوورز تک کراچی کنگز کے بولرز کے لیے دونوں بلے بازوں کی وکٹ کا حصول چیلینج بن گیا۔
عثمان خان نے پانچ چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر شاندار 106 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
محمد رضوان نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ عثمان خان اور محمد رضوان نے دوسری وکٹ کے لیے 150 رنز سے زائد کی شراکت داری قائم کی۔
محمد رضوان 17ویں اوور کی پہلی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے بلیسنگ مزا ربانی دو اور حسن علی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
پی ایس ایل کے رواں سیزن میں دونوں ٹیموں کا آپس میں یہ دوسرا میچ تھا۔
اس سے قبل 18 فروری کو ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست دی تھی۔