پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے 17 ویں میچ ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کے خلاف 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان کے 189 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے نوجوان بیٹر عثمان خان نے دھواں دھار سینچری سکور کی۔
ملتان سلطانز نے 59 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں
-
-
-
پی ایس ایل 9: پوائنٹس ٹیبل پر کون سی ٹیم کہاں کھڑی ہے؟
Node ID: 841151
یہ عثمان خان کی پی ایس ایل میں دوسری جبکہ رواں سیزن میں پہلی سینچری تھی۔
اس سے قبل عثمان خان نے گزشتہ برس راولپنڈی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 36 گیندوں پر 100 رنز کی تیز ترین سینچری سکور کی تھی۔
دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے عثمان خان 10 مئی 1995 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ کچھ عرصے کے لیے متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں ایک کمپنی میں ملازمت بھی کرتے رہے۔
محمد عثمان اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ 9 اکتوبر 2017 کو قائداعظم ٹرافی کراچی میں خان لیبارٹریز کے خلاف کراچی وائٹ کی جانب سے کھیلا تھا۔ پھر انہوں نے 21 اکتوبر کو راولپنڈی کی جانب سے دوسرا فرسٹ کلاس میچ بھی کراچی میں میچ کھیلا تھا۔
ٹی 20 میں عثمان خان نے اپنا ڈیبیو تین مارچ 2021 کو کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے کیا تھا۔
اس سے قبل پی ایس ایل کے جاری سیزن میں ہی عثمان خان نے لاہور قلندرز کے خلاف 55 گیندوں پر دو چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 96 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
کراچی کنگز کے خلاف سینچری بنانے پر عثمان خان کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
کراچی کنگز نے اپنے خلاف عثمان خان کی شاندار اننگز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک ایسی اننگز جس کی تعریف کرنی ہوگی۔ بہت اچھے عثمان خان۔‘
ٹوئٹر ہینڈل ینگ گوئی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’وہ دن دور نہیں جب لوگ پاکستان کی ٹی20 ٹیم میں عثمان خان کی سلیکشن کے بارے میں سوال کریں گے۔ سچ بتاؤں تو وہ فخر زمان سے زیادہ بہتر کھیل سکتے ہیں۔‘
ڈاکٹر ادریس مبارک نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کیا کہ ’عثمان خان گزشتہ سال کی نسبت بہتر لگ رہے ہیں۔ اُن کے پاس سٹروکس اس بار زیادہ ہیں۔ کلائیوں کا استعمال زیادہ کر رہے ہیں۔‘
ٹوئٹر ہینڈل چینج آف پیس نے تبصرہ کیا کہ ’انہوں نے کر دکھایا۔ عثمان خان کے لیے ایک اور پی ایس ایل سینچری۔‘