سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح سے سابق پاکستانی ہم منصب کی ملاقات
محمد اظفر احسن اور خالد بن الفالح نے مشترکہ خوشحالی اور تعاون کے امور سے متعلق مثبت خیالات کا اظہار کیا (فوٹو: سعودی وزارت سرمایہ کاری)
پاکستان کے سابق وزیر سرمایہ کاری محمد اظفر احسن نے سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح سے ملاقات کی ہے۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق ریاض میں سعودی وزارت سرمایہ کاری میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے منصوبوں سے متعلق ممکنہ تعاون اور شراکت داری کے بارے میں بات چیت ہوئی۔
بیان کے مطابق ’اس ملاقات میں زراعت اور کان کنی سمیت متنوع شعبوں میں سرمایہ کاری سے جڑے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔‘ اس موقعے پر خوشحالی اور استحکام کے حوالے سے فوڈ سکیورٹی کے ایک منصوبے پر خاص طور پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں شرکا نے پیچیدہ جغرافیائی صورتحال اور علاقائی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے شراکت داری میں تسلسل لانے پر زور دیا۔
اس موقعے پر محمد اظفر احسن اور خالد بن الفالح نے مشترکہ خوشحالی اور تعاون کے امور سے متعلق مثبت خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے پائیدار معاشی ترقی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔