پیرس کے معروف عشی سٹوڈیو نے انڈین دلہن رادھیکا مرچنٹ کے لیے شادی سے قبل ہونے والی تقریبات کا لباس تیار کر کے عالمی توجہ حاصل کی ہے۔
سعودی ڈیزائنر کا تیار کردہ لباس پہنے رادھیکا مرچنٹ کی نئی جاری کردہ تصاویر معروف برانڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی ہیں۔
رادھیکا مرچنٹ انڈین ارب پتی شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی سے جولائی میں شادی کرنے والی ہیں۔
پیرس کے برانڈ عیشی سٹوڈیو کا تیارکردہ یہ لباس گلابی رنگ کا ساڑھی نما گاؤن ہے جو انڈین روایتی ساڑھی کا جدید اور خوب صورت انداز پیش کر رہا ہے۔
ایک کندھے پر گرائے گئے ساڑھی کے لمبے پلو والے لباس پر شاندار اور دلکش انداز میں کڑھائی کی گئی ہے۔
فوربس کی رپورٹ کے مطابق مکیش امبانی 114 ارب ڈالر کی مجموعی مالیت والی انڈین کمپنی ریلائنس کے سربراہ اور ایشیا کی امیر ترین شخصیت ہیں۔
شادی سے قبل ہونے والی شاندار تقریبات یکم سے 3 مارچ تک جاری رہیں جس میں دنیا بھر سے نامور شخصیات، متعدد سربراہان مملکت کے علاوہ ہالی وڈ اور بالی وڈ کے اداکار مغربی انڈین کے شہر جام نگر پہنچے تھے۔
تقریب میں شامل تقریباً 1200 افراد پر مشتمل مہمانوں کی فہرست میں جن نامور شخصیات نے شرکت کی ان میں پاپ سپرسٹار ریحانہ، بل گیٹس، مارک زکربرگ، سندر پچائی، ایوانکا ٹرمپ اور بالی وڈ کے سٹار شاہ رخ خان کے نام نمایاں ہیں۔
تقریب میں تمام نظریں 28 سالہ دلہا اننت امبانی اور ان کی دیرینہ ساتھی 29 سالہ رادھیکا مرچنٹ پر رہیں، یہ انڈین جوڑا جولائی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔
رادھیکا مرچنٹ کا تعلق گجرات سے ہے اور وہ اینکور ہیلتھ کیئر پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او ویرن مرچنٹ کی بیٹی ہیں۔