Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اونٹوں سے محبت وراثت میں ملی‘، شتربان سعودی خاتون لمیس الشمری

لمیس الشمری پہلی سعودی خاتون ہیں جنہوں نے باقاعدہ اونٹ ریس میں شرکت کی ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے حائل ریجن کی پہلی شتربان سعودی خاتون لمیس الشمری کا کہنا ہے کہ ’اونٹ ریس میں خواتین کی شرکت کو معاشرے کی جانب سے پذیرائی مل رہی ہے۔‘
الشمری حائل ریجن کی  پہلی سعودی خاتون ہیں جنہوں نے باقاعدہ اونٹ ریس میں شرکت کی، اب وہ ریس میں چھٹی پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی شتربان سعودی خاتون کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق لمیس الشمری نے سعودی ٹی وی ’ایم بی سی‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے شوق کے حوالے بتایا کہ’ اونٹوں سے ان کا تعلق موروثی ہے۔ اونٹوں سے محبت کرنے کی وراثت دادا سے ملی ہے۔‘
’بچپن سے اونٹوں کو اپنے اطراف میں دیکھا یہی وجہ تھی کہ اونٹوں سے گہرا لگاؤ ہو گیا۔‘
لمیس الشمری نے کہا کہ’ دادا کے ساتھ ہمیشہ اونٹوں کے باڑے میں جاتی تھی جہاں مختلف نسلوں کے اونٹ تھے۔ دادا ہمیشہ اونٹوں کے بارے میں بہت کچھ بتاتے تھے، ان کی عادات پسند و ناپسند وغیرہ کے بارے میں۔‘
سعودی خاتون بتایا کہ ’اونٹ ریس میں شرکت کا آغاز خادم حرمین کیمل فیسٹیول سے کیا اور اس میں ایک مناسب مقام حاصل کرنے میں کامیابی ملی، بعدازاں مستقل طور پر اونٹ فیسٹیول میں شرکت کرنا شروع کی۔‘
حائل ریجن میں پہلی شتربان سعودی خاتون کے حوالے سے اپنے احساسات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ان احساسات کو بیان کرنا مشکل ہے کیونکہ یہ میری خواہش اور شوق بھی تھا۔ کوشش ہے کہ مستقبل میں مزید اچھا کر سکوں۔‘

شیئر: