Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ریجن میں کھجوروں کی فروخت بڑھ گئی

سعودی عرب میں کھجور رمضان میں ہر دسترخوان پر موجود ہوتی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ کھجوروں کی مانگ بڑھ گئی۔ دنیا بھر اور خصوصا سعودی عرب میں کھجور رمضان میں ہر دسترخوان پر موجود ہوتی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق مشرقی ریجن کی کھجور مارکیٹ میں رمضان کی آمد کے ساتھ جہاں کھجور کی خریداری بڑھی ہے وہیں سعودی قہوہ، فروٹ اورغذائی اشیا کی خریداری بھی بڑھی ہوئی ہے۔
مشرقی ریجن کی کھجور مارکیٹ میں دکانداروں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان کی آمد کے ساتھ ہی کھجور مارکیٹ میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کا رش ہے۔

مملکت میں کھجور اور قہوے کی خریداری بڑھی ہوئی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

کھجور مارکیٹ میں ایک دکاندارعبدالرزاق ماجد نے وضاحت کی کہ ماہ مبارک میں کھجور اور قہوے کی خریداری بڑھ جاتی ہے۔
 سعودی معاشرے میں کھجور اور قہوے کا استعمال رمضان میں سب سے زیادہ ہوتا ہے اور اب غیر ملکی بھی اسے پسند کرنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افطار کے وقت کھجور اور بعدازاں قہوے کا استعمال انسانی جسم کے لیے بہترین بھی ہے۔
 ان دنوں یہاں رطب، الروثانہ، الخلاص، المجدول، الخنیزی، الشیشی اور المجو کھجوریں پسند کی جارہی ہیں جو مدینہ منورہ کے فارمز سے حاصل ہوتی ہیں۔

قہوے کا افطار کے بعد استعمال بہترین ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

الشرقیہ کی مارکیٹ میں موجود ایک اور دکاندار نے بتایا اس وقت کھجور اور قہوہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی خرید رہے ہیں۔
 ماہر تغذیہ نجاح الجساس نے کہا کہ کھجور اور پانی سے روزہ افطار کرنا رمضان میں  بہتر ہے کیونکہ کھجور میں وہ تمام اجزا ہیں جس کی افطار کے وقت کسی انسان کو ضرورت ہوتی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: