Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان کی آمد پر جدہ کی کھجور مارکیٹوں میں رونق

کھجوروں کی سب سے زیادہ مانگ مدینہ کی روتانہ اور القصیم کی سکری کی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ شہر اور اس کے  نواح میں رمضان سے قبل کھجور کی مارکیٹوں میں سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی بڑی تعداد نظر آ رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق رمضان سے قبل کھجور بیچنے والی دکانوں پر رونقیں بڑھ گئی ہیں، اپنے استعمال اور رمضان کے تحائف کے لیے خریدار کھجور کی بہترین اور مختلف اقسام خرید رہے ہیں۔
کھجور کے کاروبار سے منسلک بیوپاری رمضان کی آمد سے قبل ہی دکانوں پر بڑی مقدار میں متعدد اقسام کی کھجور سجا دیتے ہیں۔
روزہ داروں کے لیے افطار کی میز پر کھجوریں خاص اہمیت رکھتی ہیں اس لیے ماہ رمضان سے قبل کئی قسم کی کھجوریں مارکیٹ میں نظر آتی ہیں جن میں خاص طور پر عجوہ ، عنبر، مبروم ،سکری، روتانہ، برہی، السقی اور السفاری شامل ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق متعدد فروخت کنندگان نے بتایا ہے کہ عجوہ مارکیٹ میں 70 ریال فی کلو تک دستیاب ہے جب کہ عنبر 40 ریال، السقعی 25 ریال، صفوی 20 ریال تک ہیں۔
دریں اثناء تازہ کھجوروں کے ڈبے بھی مارکیٹ میں دستیاب ہیں جو ذائقے اور غذائیت کے لحاظ سے منفرد ہیں ان میں چند اقسام 30 سے ​​45 ریال تک مل رہی ہیں۔
الاحسا کے علاقے کی خاص کھجور مارکیٹ میں 60 ریال اور القصیم کی خاص کھجور کی قیمت 120 ریال فی کلو تک ہے۔

رمضان میں افطار کے دسترخوان پر کھجور کی موجودگی کی خاص اہمیت ہے۔ فوٹو عرب نیوز

کھجور مارکیٹ میں موجود بہت سے خریداروں کا کہنا ہے کہ کھجوروں کی سب سے زیادہ مانگ مدینہ منوہ کی روتانہ اور القصیم کی سکری کی ہے۔
مارکیٹ میں موجود خریداروں کا کہنا ہے کہ رمضان کے قریب آتے ہی کھجور کی اقسام کے حوالے سے مارکیٹ میں رسد اور طلب کے حوالے سے قیمتوں میں نسبتا اضافہ ہوتا ہے۔
رمضان میں کھجور کی خاص اہمیت غذائیت اور توانائی کے علاوہ تحفے کی صورت میں سماجی اقدار، رسم و رواج اور نسلوں سے چلی آنے والی روایات کے حوالے سے بھی ہے۔

تازہ کھجور کے ڈبے بھی دستیاب ہیں جو ذائقے کے لحاظ سے منفرد ہیں۔ فوٹو واس

رمضان میں افطار کے دسترخوان پر کھجور کی موجودگی سنت نبوی کے مطابق ہے اور اسی نسبت سے کھجور کی اہمیت خاص طور پر بڑھ جاتی ہے۔
مزید برآں سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اتوار کے روز رمضان کا چاند دیکھنے کا کہا ہے اور چاند نظر آنے کی بابت قریبی عدالت کو مطلع کریں اور سرکاری طور پر اپنی گواہی ریکارڈ کرائیں۔
 

شیئر: