Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا شین واٹسن پاکستان کرکٹ ٹیم کی تاریخ میں مہنگے ترین ہیڈ کوچ ہوں گے؟

واٹسن اس وقت پاکستان میں ہیں اور انہیں رواں سال پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوچ مقرر کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تاحال قومی کرکٹ ٹیم کیلئے ہیڈ کوچ کی تلاش ہے جس کے کے لیے میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن کا نام بھی زیر غور ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے شین واٹسن کو قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی خدمات انجام دینے کے لیے 20 لاکھ  ڈالرز سالانہ تنخواہ کی پیشکش کر رکھی ہے اور انہیں تمام مطالبات پورے کیے جانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔
20 لاکھ  ڈالر پاکستانی تقریباً 55 کروڑ بنتے ہیں اور اگر شین واٹس پی سی بی کی پیشکش قبول کرتے ہیں تو وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی تاریخ میں سب سے مہنگے ہیڈ کوچ ثابت ہوں گے۔
شین واٹسن کی جانب سے تاحال اس پیشکش پر کوئی جواب نہیں آیا، اگر معاملات طے پاتے ہیں تو پی سی بی ان کی تقرری کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ واٹسن پی سی بی کی آفر قبول کریں گے۔ شین واٹسن اپنی فیملی کے ساتھ سڈنی میں رہتے ہیں اور اس سال پہلے ہی ان کا شیڈول کافی مصروف ہے۔
وہ میجر لیگ کرکٹ میں سان فرانسسکو یونیکورنز کے کوچ کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں اور آئی سی سی ایونٹس کے ساتھ ساتھ انڈین پریمیئر لیگ میں سٹار سپورٹس پر کمنٹری بھی کرتے ہیں۔
اس سے قبل وہ رکی پونٹنگ کے ماتحت آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلز کے لیے اسسٹنٹ کے طور پر دو سیزن کے لیے کام کر چکے ہیں۔
واٹسن اس وقت پاکستان میں ہیں اور انہیں رواں سال پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
ان کی موجودگی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے بہتر ثابت ہوئی ہے جو پانچ برس میں پہلی بار پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔
اس کے علاوہ پی سی بی کی جانب سے ہیڈ کوچ کے لیے مائیک ہیسن اور ڈیرن سیمی کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔  ہیسن اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ اور سیمی پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
ایک ہفتہ قبل پی سی بی کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین محسن نقوی نے کہا تھا کہ بورڈ ’کچھ مختلف آپشنز‘ سے رابطے میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان کے لیے بہترین کوچز کی تقرری میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
پی سی بی کی جانب سے کوچ کی تقرری کے معاملے پر جلدی دکھائی جا رہی ہے اور اس کی وجہ آئندہ ماہ ہونے والی نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی20 سیریز اور اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے۔

شیئر: