پی ایس ایل 9: وکٹوں کو لات مارنے پر نسیم شاہ پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری نویں ایڈیشن کے 27ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولر نسیم شاہ پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کر دیا ہے۔
نسیم شاہ نے اتوار کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران اننگز کی آخری گیند پر وکٹوں کو غصے میں لات مار دی تھی۔
پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ پر میچ فیس کا جرمانہ کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کرنے پر عائد کیا گیا ہے۔
فاسٹ بولر نے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2 کے پوائنٹ 2 کی خلاف ورزی کی۔
اس کے علاوہ اسی میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث ملتان سلطانز کی ٹیم پر بھی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اُدھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اہم ترین میچ میں ملتان سلطانز کو تین وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد ملتان سلطانز نے عثمان خان کی شاندار سینچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان کے 228 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف اننگز کی آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ہدف کے جواب میں کولن منرُو نے 84، کپتان شاداب خان نے 54 جبکہ عماد وسیم نے 30 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے عباس آفریدی نے تین، محمد علی نے دو جبکہ ڈیوڈ وِلی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ اس میچ میں جیت حاصل کرنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔