Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ اور بلنکن کی ملاقات، غزہ میں فوری جنگ بندی کی اہمیت پر تبادلہ خیال

دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو جدہ میں امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کا خیرمقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مستحکم کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
غزہ کی پٹی اور رفح شہر کی صورتحال میں پیش رفت اور فوری جنگ بندی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کے علاوہ غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام کوششیں کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان، امریکہ میں مملکت کے مشن کے نائب سربراہ شہزادہ مصعب بن محمد بن فہد موجود تھے۔
یاد رہے کہ بلنکن مشرق وسطی کے دورے کے پہلے مرحلے میں بدھ کو جدہ پنچے تھے جمعرات کو وہ مصر جائیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے منگل کو کہا تھا کہ جدہ اور قاہرہ کے دورے میں بلنکن فوری جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے جو تمام یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنائے گا۔

شیئر: