امریکی شہر پورٹ لینڈ میں سعودی ذائقوں کے ساتھ ’کوئن ماما کچن‘
جمعرات 21 مارچ 2024 18:37
ریسٹورنٹ میں موجود ایک مہمان نے کہا کہ یہاں کی مہمان نوازی شاندار ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
رمضان میں افطار کے لیے عرب برتنوں کے ساتھ کوئن ماما کچن کے منفرد ذائقوں کے کھانے عرب باشندے ہی نہیں امریکی بھی پسند کرتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں سعودی عرب کا وہ واحد ریسٹورنٹ ہے جو مملکت کے بھرپور ذائقے دار کھانے پیش کر رہا ہے۔
ریسٹورنٹ میں موجود مہا الحربی کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاں تیار کردہ روایتی کھانے ثقافتی لحاظ سے گھر کے ذائقے سے زیادہ لذیذ ہیں۔
مہا الحربی نے 2013 میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے امریکہ منتقل ہونے کے بعد 2020 میں کیٹرنگ کے کاروبار کے طور پر ویسٹ کوسٹ میں ریسٹورنٹ کھولا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم اپنے معزز مہمانوں کے اعزاز میں سعودی قہوے کے ساتھ اپنی ثقافت کا اشتراک کرتے ہوئے مملکت کے تمام علاقوں کے ذائقے پیش کرتے ہیں۔
ریسٹورنٹ کی شیف کا کہنا تھا کہ مجھے بچپن میں کھانا پکانے کا شوق نہیں رہا تاہم یونیورسٹی میں دوستوں کے لیے روایتی کھانے کی دعوت کی جو اس کام کا آغاز تھا۔
یونیورسٹی سے بزنس میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد 2020 میں انہوں نے فوڈ کارٹ کا آغاز کیا جس میں کلاسک سعودی پکوان پیش کیے گئے۔
مہا کا کہنا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے جیسے ہی کامیابی حاصل کرنا شروع کیں، عالمی وبا کورونا نے ان کے منصوبے کو متاثر کیا اور اس میں خلل ڈال دیا۔
تاہم انہوں نے ہار ماننے سے انکار کرتے ہوئے ایک سال بعد دوبارہ اسی کاروبار کا آغاز کیا لیکن الخبر میں ان کے شوہر کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔
شدید غم میں مبتلا مہا الحربی نے نئے عزم کے ساتھ ایسی جگہ تلاش کرنے کا ارادہ کیا جو کمیونٹی کو سعودی کھانا پیش کرنے کے ان کے خیال کو مستقل حقیقت میں بدل سکے۔
کوئن ماما کچن نے پورٹ لینڈ میں 2022 میں اپنے دروازے کھولے اور ریسٹورنٹ اپنی لذت، خدمت اور مہمان نوازی کے باعث مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا گیا۔
اپنی خاص مقبولیت کے پیش نظر شہر کے فائیو سٹار ’رٹزکارلٹن ہوٹل‘ میں نئے فوڈ ہال نے ریسٹورنٹ کو واحد عربی ذائقے کے طور پر شامل ہونے کی دعوت دی۔
ریسٹورنٹ میں موجود ایک مہمان کا کہنا تھا کہ یہاں کی مہمان نوازی شاندار ہے اور امریکہ میں سعودی کھانوں کی صداقت ایک نایاب چیز ہے۔
اس ریسٹورنٹ کو جو چیز مزید خاص بناتی ہے وہ ہے اس کاروبار سے منسلک خاندان جس کی قیادت ایک ماں کرتی ہے جو شیف بھی ہے۔
کوئین ماما کچن کے مینو میں پورے سعودی عرب کے پکوان شامل ہیں جن میں رز بخاری، پاستہ، سٹو مرغ اور جریش کے علاوہ دیگر معروف ڈشز شامل ہیں۔
مہا الحربی نے بتایا کہ اکثر مہمان ریسٹورنٹ میں آ کر کہتے ہیں کہ انہوں نے کبھی سعودی کھانا نہیں آزمایا اور نہ ہی اس کے بارے میں کچھ جانتے ہیں، اس لیے ہم انہیں بہت کم مقدار میں مختلف کھانے پیش کرتے ہیں مگر جب وہ ایک بار اس ذائقے کو آزماتے ہیں تو دوبارہ واپس ضرور آتے ہیں۔