Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی سلیکشن کمیٹی کا کوئی سربراہ نہیں ہوگا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی

محسن نقوی نے کہا ہے کہ عماد وسیم سے سیدھی بات ہوئی ہے کہ ملک کے لیے کھیلیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے۔
محسن نقوی نے اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے سات رکنی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ اس سلیکشن کمیٹی کا کوئی سربراہ نہیں ہوگا اور تمام اراکین کے پاس برابر کے اختیارات ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی میں سابق کرکٹرز محمد یوسف، وہاب ریاض، اسد شفیق اور عبدالرزاق کے علاوہ ٹیم کپتان، ہیڈ کوچ اور ڈیٹا اینالسٹ ایکسپرٹ شامل ہوں گے۔
محسن نقوی نے پاکستانی ٹیم کے کوچز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کوچز کے اوپر ہمارا کام ہو رہا ہے، جس دن کوچز کے حتمی ناموں کا فیصلہ ہوگا اس دن ہم آپ کو (میڈیا) کو بتائیں گے۔‘
انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک کوچ سے ہماری بات چیت چل رہی تھی تاہم میڈیا پر پی سی بی کی جانب سے دی جانے والی فیس کی خبروں کے باعث اس کوچ نے کوچنگ سے انکار کر دیا۔
محسن نقوی نے مزید انکشاف کیا کہ ٹیم کے کپتان کے بارے میں سوچ و بچار جاری ہے، تین چار چیزوں پر کام کیا جا رہا ہے اور اس بات کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی مشاورت سے کرے گی۔
عماد وسیم کی جانب سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے فیصلے پر محسن نقوی نے کہا کہ ’ہماری ان سے سیدھی سی بات ہوئی کہ ملک کے لیے کھیلیں۔‘
حارث رؤف کے متعلق بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ’حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کر دیا گیا ہے۔ وہ ہمارے سٹار پلیئر ہیں، اُن کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے 18 اپریل سے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 میچز پر مشتمل ہوم سیریز کھیلنی ہے تاہم اس سیریز کے لیے ابھی تک گرین شرٹس کے ہیڈ کوچ کا تقرر نہیں کیا گیا ہے۔

شیئر: