Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حامد خان اور محسن نقوی سمیت پنجاب کی جنرل نشستوں پر 7 سینیٹرز بلامقابلہ منتخب

عمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال، مصدق ملک اور شہزاد وسیم نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں (فائل فوٹو: سینیٹ سیکریٹریٹ)
الیکشن کمیشن آف پنجاب کی طرف سے جاری ایک فہرست میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی سات جنرل نشستوں پر کل 16 امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کروائے تھے جن میں سے چار کے کاغذات مختلف وجوہات کی بنا پر مسترد ہوئے۔
اسی طرح پانچ امیدواروں نے کاغذات واپس لے لیے جس کے نتیجے میں پنجاب کی کل سات نشستوں پر سات ہی امیدوار بچے ہیں جو کہ بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔
بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے والوں میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شامل ہیں جبکہ تحریک انصاف کے حامد خان بھی بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق پنجاب میں سینیٹ انتخابات کی جنرل نشستوں پر حکمران جماعت اور اپوزیشن میں انتخابی ایڈجسمنٹ ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اضافی امیدواروں کے کاغذات واپس لے لیے گئے ہیں۔  
جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے ہیں ان میں عمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال، مصدق ملک، شہزاد وسیم اور اعجاز منہاس شامل ہیں۔ 
امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد باقی رہ جانے والے سات امیدوار جنرل نشستوں پر بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔
حکمران اتحاد کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، طلال چوہدری، پرویز رشید، احد چیمہ، ناصر محمود بٹ جبکہ اپوزیشن کے حامد خان اور علامہ راجا ناصر عباس بلامقابلہ سینیٹ کی جنرل نشستوں پر منتخب ہوگئے ہیں۔
 پنجاب سے سینٹ کی ٹیکنوکریٹ کی دو نشستوں پر وفاق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، ڈاکٹر یاسمین راشد اور مصدق ملک کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
 خواتین کی دو نشستوں پر صنم جاوید، بشریٰ انجم بٹ اور فائزہ احمد کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ ایک اقلیتی نشست پر بھی دو امیدوار مدمقابل ہیں۔

شیئر: