سعودی میڈیا گروپ ایس آر ایم جی کی آمدن 99 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی
جمعرات 28 مارچ 2024 17:28
ایس آر ایم جی کے منافع میں گزشتہ برس کی نسبت اعشاریہ 98 فیصد اضافہ ہوا(فائل فوٹو: شٹرسٹاک)
سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) کی سال 2023 کی آمدن 99 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایس آر ایم جی کی آمدن میں گذشتہ برس کی نسبت اعشاریہ 98 فیصد اضافہ ہوا۔
سعودی سٹاک ایکسچینج ’تداول‘ کے ایک بیان کے مطابق یہ اضافہ گروپ کے تحت تیار ہونے والے ڈیجیٹل مواد سمیت دیگر شعبوں کی وجہ سے ہوا ہے۔
تاہم طباعت اور پیکیجنگ کے منافع میں کمی دیکھی گئی ہے۔
گذشتہ برس کے آخر میں ایس آر ایم جی کا منافع 559 ملین سعودی ریال تھا جو کہ سنہ 2022 کے اسی دورانیے کی نسبت 13 اعشاریہ 74 فیصد کم تھا۔
اس کمی کی وجہ بنیادی طور پر پرنٹنگ اور پیکیجنگ ڈویژن کی آمدنی میں کمی کے ساتھ ساتھ بعض منصوبوں کے آپریٹنگ اخراجات میں کمی تھی۔
جنوری میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے کے سب سے بڑے اور مربوط میڈیا گروپ ایس آر ایم جی نے کئی نئے ایڈیٹرز اِنچیف، ڈپٹی ایڈیٹرز اِنچیف اور اسسٹنٹ ایڈیٹرز اِنچیفس کی تقرری کا اعلان کیا تھا۔
یہ اعلان ایس آر ایم جی کی ڈیجیٹلائزیشن اور توسیعی حکمت عملی کے ہم آہنگ اقدام کے طور پر کیا گیا۔
یہ پیش رفت دنیا بھر کے ناظرین و قارئین کے لیے ان کی ضروریات کے مطابق مواد تیار کرنے کے لیے ایس آر ایم جی کی لگن کو ظاہر کرتی ہے۔
اس فیصلے سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ ڈیجیٹل، سوشل اور آڈیو ویژول میڈیا پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ خطے کے ذرائع ابلاغ میں نمایاں تبدیلی ہو رہی ہے۔