مسجد الحرام میں ادارہ امن عامہ کے ذیلی کنٹرول سیکشن کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل کو کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں مطلع کیا گیا۔
مسجد الحرام کے آخری عشرے کے حوالے سے جنرل البسامی کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام کے داخلی دروازوں اور بیرونی صحنوں میں ازدحام کو کنٹرول کرنے اور زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ادارہ امن عامہ کی جانب سے مسجد الحرام کے اندر اوربیرونی صحنوں میں زائرین کی دیکھ بھال جبکہ رنگ روڈ اور دیگر علاقوں میں ٹریفک کی بحالی اور ازدحام کوکنٹرول کرنے کے لیے خصوصی منصوبے پرعمل کیا جارہا ہے۔
ڈائریکٹر ادارہ امن عامہ کا مزید کہنا تھا کہ ادارے کی جانب سے حرم شریف کے صحنوں میں ڈیرہ ڈالنے والوں اور گداگری میں ملوث افراد کے خلاف بھی خصوصی یونٹ قائم کیا گیا ہے۔
واضح رہے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بڑی تعداد میں عمرہ زائرین حرم مکی الشریف میں موجود ہوتے ہیں۔ زائرین کی حرم شریف آمد ورفت کو منظم بنانے کےلیے ادارہ امن عامہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔