Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماہ صیام کا تیسرا عشرہ شروع، ’معتکفین‘ حرمین پہنچ گئے

امسال مسجد الحرام میں معتکفین کی تعدا 3 ہزار ہے(فوٹو، ایس پی اے)
ماہ صیام کے تیسرے عشرے کے شروع ہوتے ہی 20 ویں روزے کی افطاری کے بعد حرمین شریفین میں اعتکاف کرنے والے پہنچ گئے۔ حرمین انتظامیہ کی جانب سے معتکفین کے لیے تمام ترانتظامات کو دو دن قبل ہی حتمی شکل دے دی گئی تھی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق رمضان المبارک کے تیسرے عشرے میں اندرون مملکت سمیت مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین حرمین میں اعتکاف کرتے ہیں۔
حرمین انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے وسط سے ہی اعتکاف کرنے والوں کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا تھا۔
اعتکاف کے لیے حرمین کے پورٹل پررجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جس کے ذریعے معتکفین اپنے کوائف درج کرانے کے بعد اعتکاف کا پرمٹ حاصل کرتے ہیں۔
ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی الشریف میں درس قرآن اورتجوید کے لیے خصوصی حلقوں کا اہتمام کیا گیا ہے جس سے اعتکاف کرنے والے بھی مستفیض ہوتے ہیں۔

بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں عمرہ زائرین اعتکاف کرتے ہیں(فوٹو، ایکس )

حرمین انتظامیہ کی جانب سے متعکفین کےلیے مخصوص کیے جانے والے مقامات پر اسکرینز نصب کردی گئی ہیں جن کے ذریعے وہ اہم مسائل دریافت کرسکتے ہیں۔
مسجد الحرام کے ادارہ آگاہی کے ڈائریکٹر عبدالمحسن الغامدی نے بتایا کہ امسال مسجد الحرام میں معتکفین کی مجموعی تعداد 3 ہزار ہے جن کے لیے مسجد الحرام کی تیسری توسیع کی پہلی منزل مخصوص کی گئی ہے جبکہ اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کےلیے تین دروازے مخصوص کیے گئے ہیں جن میں گیٹ نمبر106 ، 114 اور119 ہے۔

شیئر: