اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) نے دوسرے مرحلے میں فلسطین کے لیے مزید پانچ ہزار فیلوشپس کا اعلان کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں کامسٹیک سیکرٹریٹ میں افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں الجزائر، ایتھوپیا، قازقستان، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، عمان، روس، صومالیہ، سوڈان، شام، ناردرن سائپرس، اور یمن کے سفیروں اور سفارت کاروں اور کامسٹیک کنسورشیئم کے رکن اداروں کے وائس چانسلرز، کامسٹیک کے غیر ملکی فیلوز اور فلسطینی طلبا نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ یہ اہم ترین اقدام فلسطینی بھائیوں کے پاکستان کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان اور دیگر مسلم ممالک کی پارٹنر یونیورسٹیز کے ساتھ کامسٹیک کے اس بڑے سکالرشپ پروگرام کو سراہا۔
’یہ اقدام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق فلسطین اور پاکستان کے درمیان ہر سطح پر لازم و ملزوم تعلقات کا عکاس ہے۔‘
سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین براہیم طہٰ نے کہا کہ کامسٹیک، پاکستان کی نجی یونیورسٹیز اور فلسطینی سفارت خانے کے درمیان یہ تعاون ایک اہم قدم ہے۔
حسین براہیم طہٰ نے کہا یہ پروگرام فلسطینی عوام کو درپیش چیلنجوں کے درمیان امید کی کرن کی نمائندگی کرتا ہے۔