دبئی میں 20 سال سے خدمات انجام دینے والے آئمہ مساجد کے لیے گولڈن اقامہ
گولڈن ویزے کے ساتھ عیدالفطر پر مالی امداد بھی دی جائے گی (فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی کے ولی عہد اور ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے 20 سال سے خدمات انجام دینے والے مساجد کے آئمہ اور مذہبی شخصیات کو گولڈن ویزا دینے کا حکم دیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ’دبئی میں آئمہ مساجد، موذن، مفتیوں اور مذہبی ریسرچرز کو گولڈن ویزا اور عیدالفطر پر مالی امداد دی جائے گی‘۔
دبئی کے ولی عہد نے مذہبی شخصیات کی دیرینہ لگن اور ان کے اہم سماجی کردار کو سراہتے ہوئے گولڈن ویزا دینے کی ہدایت کی۔
یہ اقدام اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ان لوگوں کی عزت افرائی کی جائے گی جنہوں نے اسلام میں موجود روادری اور ہمدردی کے پیغام کو پھیلایا ہے۔
یاد رہے کہ گولڈن ویزے کا اجرا 2018 میں ہوا تھا جس کے تحت سرمایہ کاروں، سائنسدانوں اور دیگر شعبوں سے وابستہ ماہرین کو پانچ سے دس سال تک قیام کے طویل مدتی ویزے دیے جاتے ہیں۔
بعد ازاں فلاحی کام کرنے والوں کے لیے بھی گولڈن ویزے کا اعلان کیا گیا جس سے انہیں متحدہ عرب امارات میں قیام اور کام جاری رکھنے کا موقع ملا۔