Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکار فردین خان کی 14 سال بعد ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کے ذریعے واپسی

فردین خان طویل عرصے کے لیے فلمی دنیا، ٹی وی اور یہاں تک کے سوشل میڈیا سے بھی دور چلے گئے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے اداکار فردین خان 14 سال بعد اداکاری کی دنیا میں واپس آگئے ہیں۔
فردین خان اپنے مداحوں کو 14 برسوں کے طویل وقفے کے بعد آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم ’نیٹ فلکس‘ پر ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں نظر آئیں گے۔
’نیٹ فلکس‘ انڈیا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سنیچر کو فردین خان کی ویب سیریز ہیرا منڈی میں کردار کا پوسٹر جاری کیا۔
اس ویب سیریز میں فردین خان کے کردار کا نام ولی محمد ہوگا۔
’نیٹ فلکس‘ انڈیا کی جانب سے جاری کیے گئے پوسٹر میں فردین خان شاہی لباس پہنے ہوئے تخت پر بیٹھے ہیں اور اُن کے سامنے سونے اور ہیرے کے زیورات پڑے ہوئے ہیں۔
 
فردین خان آخری مرتبہ 2010 میں ریلیز ہونے والی ہندی فلم ’دلہا مل گیا‘ میں بڑے پردے پر نظر آئے تھے۔
اس فلم کی ریلیز کے بعد اداکار طویل عرصے کے لیے فلمی دنیا، ٹی وی اور یہاں تک کے سوشل میڈیا سے بھی دور چلے گئے تھے۔
دوسری جانب یکم مئی کو ’نیٹ فلکس‘ پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کی کاسٹ میں فردین خان کے علاوہ منیشا کوئرالہ، سوناکشی سنہا، آدیتی راؤ حیدری، رِیچا چڈھا، سنجیدہ شیخ، شرمِن سیگل اور شیکھر سُمن شامل ہیں۔
ہیرا منڈی کی کہانی پاکستان اور انڈیا کے بٹوارے سے قبل برطانوی راج کے لاہور شہر میں واقع مشہور محلے ہیرا منڈی اور اس میں بسنے والی طوائفوں اور رقاصاؤں کے گرد گھومتی ہے جو محبت، طاقت، بدلے اور آزادی کے مسائل کا شکار رہتی ہیں۔

شیئر: