Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنجے لیلا بھنسالی کی ’ہیرا منڈی‘ جہاں ’طوائفیں ملکہ تھیں‘

سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا ہے کہ ’ہیرامنڈی بطور فلم ساز میرے سفر کا ایک اہم سنگ میل ہے‘ (فوٹو: انڈیا ٹی وی نیوز)
انڈیا کے معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی جنھوں نے ’دیوداس‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ جیسی فلمیں بنائی ہیں وہ اب پاکستان کے شہر لاہور کے تاریخی محلے ہیرا منڈی پر ایک ویب سیریز بنا رہے ہیں جو نیٹ فلیکس پر دکھائی جائے گی۔ لاہور کی ہیرا منڈی کی طوائفوں کی کہانیاں بیان کرتی اس سیریز کی ٹیگ لائن ہے ’ہیرا منڈی جہاں طوائفیں ملکہ تھیں۔ 
سنجے لیلا بھنسالی جنہوں نے بالی وڈ میں ابھی اپنے 25 سال مکمل کیے ہیں اور اس جشن کے ایک دن بعد ہی نیٹ فلیکس کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’ہم بہت خوشی سے یہ اعلان کر رہے ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی کی ہیرا منڈی نیٹ فلیکس پر آ رہی ہے۔ اس خوشی کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ بھی کافی نہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی ہمارے ساتھ اس سیریز کے لیے اشتراک کر رہے ہیں۔‘
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس ویب سیریز کے مرکزی کردار اور دیگر کاسٹ کا اعلان ابھی ہونا باقی ہے۔ سنجے لیلا بھنسالی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ’ہیرا منڈی بطور فلم ساز میرے سفر کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ لاہور کی طوائفوں پر بننے والی اپنی نوعیت کی ایک منفرد فلم ہوگی۔ میں نیٹ فلیکس کے ساتھ شراکت داری کے لیے آگے دیکھ رہا ہوں اور ہیرا منڈی کو دنیا بھر کے ناظرین کے دیکھنے کے لیے لا رہا ہوں۔‘
ہیرا منڈی‘ کو ایک زمانے میں شاہی محلہ بھی کہا جاتا تھا اور لاہور کے قلعہ بند شہر میں اس کی اپنی ایک منفرد تاریخ رہی ہے۔ 
ہیرا منڈی مغل دور میں لاہور کا ایک ایسا علاقہ رہا ہے جہاں طوائفیں رہا کرتی تھیں اور وہاں رقص و گیت کی محفلیں آراستہ ہوتی تھیں لیکن برٹش راج میں یہ جنسی پیشہ وروں کا بازار بن گیا جہاں انگریز اور دیگر یورپی شہریوں کے علاوہ دیسی لوگ بھی پہنچنے لگے۔
طوائف کے کردار پر بننے والی فلمیں بہت مقبول بھی ہوئی ہیں جس میں ’پاکیزہ‘، ’امرپریم‘، ’امراؤ جان‘، ’طوائف‘، ’بازار‘، ’منڈی‘، ’چاندنی بار‘، ’چمیلی‘، ’بیگم جان‘، ’ڈیو ڈی‘ وغیرہ شامل ہیں۔

شیئر: