خیبرپختونخوا میں کشتی حادثہ اور نہاتے ہوئے ڈوبنے کے واقعات، متعدد افراد کو بچا لیا گیا
جمعرات 11 اپریل 2024 17:54
عید الفطر کے موقع پر خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کشتی حادثے اور نہاتے ہوئے ڈوبنے والے 18 افراد میں سےمتعدد افراد کو بروقت ریسکیو اقدامات کے ذریعے بچالیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں ایسے واقعات میں 18 افراد ڈوب گئے تھے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق ریسکیو1122 غوطہ خوروں نے 8 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق نوشہرہ کنڈ پارک میں کشتی ڈوبنے سے نو افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے آٹھ افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ ایک بچے کی لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے جس کی تلاش کا کام جاری ہے۔
چارسدہ خیالی نہر میں چھ افراد نہاتے ہوئے ڈوب گئے جن میں سے تین کو زندہ نکال لیا گیا۔
اسی طرح کوہاٹ میں ڈیم میں نہاتے ہوئے دو افراد ڈوب گئے جن کو زندہ نکال لیا گیا۔
کنڈ پارک سرچ آپریشن میں ریسکیو 1122 نوشہرہ، مردان اور صوابی کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ریسکیو 1122 کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر پہلے ہی سیاحتی مقامات پر غوطہ خور ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔