Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احسان پلیٹ فارم پر رمضان کے دوران 1.8 ارب ریال سے زیادہ کے عطیات

مہم کے دوران عطیات کی ٹرانزیکشنز 16 ملین سے تجاوز کرگئیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں فلاحی خدمات کے قومی پلیٹ فارم ’احسان‘  نے اعلان کیا ہے کہ ’رمضان کے دوران  عطیات 1.8 ارب ریال( 480 ملین ڈالر) سے تجاوز کرگئے ہیں‘۔
یاد رہے رمضان کے آغاز پر چیریٹی مہم میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے 30 ملین ریال کے عطیہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 20 ملین ریال عطیہ دیا گیا تھا۔
مہم کے دوران عطیات کی ٹرانزیکشنز 16 ملین سے تجاوز کرگئیں۔ احسان انڈومنٹ فنڈ میں مجموعی عطیات 854 ملین ریال سے زیادہ ہیں، جس سے 1700 سے زیادہ شراکت دار تنظیموں کو فائدہ ہوا۔
علاوہ ازیں احسان پلیٹ فارم سے اس سال جمع ہونے والی زکوۃ الفطر کی کل رقم 36 ملین ریال سے زیادہ ہے جبکہ تین لاکھ 90 ہزار ٹرانکشنز کی گئی ہیں۔
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم سے اب تک تقریباً 50 لاکھ افراد مستفید ہو چکے ہیں جن میں یتیم، بیمار اور بوڑھے شامل ہیں۔
اس سے قبل فلاحی خدمات کے قومی پلیٹ فارم ’احسان‘ کے ایگزیکٹیو چیئرمین ابراہیم الحسینی نے بتایا تھا کہ ’عطیات مہم کا مقصد سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول کی خاطر سماجی ہم آہنگی اور اعانت کے کلچر کو فروغ دینا ہے‘۔
’اس کا مقصد سماجی منصوبوں کو فروغ دینا، انسانی مسائل حل کرنا اور معاشرے کے افراد کو معتبر اداروں کے یہاں عطیات جمع کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے‘۔
یاد رہے سعودی عرب میں احسان پلیٹ فارم عطیات وصول کرنے والا سب سے بڑا معتبر ادارہ ہے۔ 
 فلاحی خدمات کی قومی مہم کی نگرانی 12 سرکاری ادارے کررہے ہیں۔ ایک شریعت کمیٹی قائم کی گئی ہے جو احسان پلیٹ فارم کی سرگرمیوں کو اسلامی شریعت کے ضوابط کے دائرے میں رکھنے کا اہتمام کراتی ہے۔

شیئر: