Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کی وزیراعظم سے ملاقات

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔ 
سنیچر کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کا استقبال کیا اور عیدالفطر کے موقع پر پاکستان آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ 
ملاقات میں وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور سیکریٹری خارجہ سمیت دیگر اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔ 
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔
شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کی کامیابی پر مبارک باد بھی دی۔
اس ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اتحاد امت اور عالمی سطح پر امن کے پیغام کو عام کرنے میں رابطہ عالم اسلامی کے کردار کو سراہا۔ 
عرب نیوز کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دنیا بھر میں اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے کے لیے ڈاکٹر العیسیٰ کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ 
شہباز شریف نے مسلم امہ میں اتحاد کو فروغ دینے، دنیا بھر میں مسلم مقاصد کی وکالت کرنے، امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کو عام کرنے میں رابطہ عالم اسلامی کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے وزیراعظم کو دورہ سعودی عرب کی کامیابی پر مبارک باد بھی دی (فوٹو: پی ایم آفس)

وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت اور درازی عمر کے ساتھ ساتھ ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار اور ثقافت پر مبنی ہیں۔
دورے کی کامیابی کے لیے سیکریٹری جنرل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے رابطہ عالم اسلامی کے ساتھ پاکستان کی حمایت اور شراکت داری جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ، مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل 7 سے 15 اپریل 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

شیئر: