Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام سے پانچ منٹ کی دوری پر’ ڈریم پروجیکٹ‘ کیا ہے؟

رہائشیوں کےلیے مسجد الحرام آمد ورفت کا خصوصی انتظام کیا جائے گا (فوٹو: سبق نیوز)
سعودی عرب کی سطح پر مکہ مکرمہ میں الاحلام ریل اسٹیٹ کمپنی کی جانب سے  اپنی نوعیت کے منفرد و پہلے رہائشی تخیلاتی منصوبے کو لانچ  کیا گیا ہے۔
منفرد رہائشی منصوبے میں عصر حاضر کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی جو کسی دوسرے پروجیکٹ میں موجود نہیں۔  رہائشی کمپلیکس مسجد الحرام سے 5 منٹ کی دوری پر تعمیر کیا جائے گا۔
سبق نیوز کے مطابق سرمایہ کاری کے اعتبار سے بھی مثالی منصوبہ ہے جس میں رہائشی ٹاورز دو منزلیں مالز کے لیے مخصوص ہیں جنہیں سرمایہ کاری کی غرض سے کرایہ پر بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔
کمپنی کے مالک ڈاکٹر رامی بخش کا کہنا ہے’ اسمارٹ پروجیکٹ پر کئی برسوں سے کام کیا جارہا تھا۔ اس کی ڈرائینگ اور منصوبہ بندی جاری تھی جو سعودی شہریوں کی ضرورت کے مطابق ہو۔ اب بالاخیر اسے عملی شکل دینے کا آغاز کیا جارہا ہے‘۔
’ مجوزہ منصوبہ 8 ہزار میٹر کے رقبے پرتعمیر کیاجائے گا جو الزاھر علاقے کی مرکزی شاہراہ پرواقع ہے۔ رہائشی ٹاورز کی تین بڑی اور اہم خصوصیات ہیں جو اس منصوبے کوعالمی سطح پر دیگر سے نمایاں کرتی ہیں۔
 پہلی خصوصیت یہ ہے کہ یہ منصوبہ مسجد الحرام سے صرف 5 منٹ کی مسافت پرواقع ہے جبکہ دوسری خصوصیت یہ ہے کہ  فلیٹ کے مالک کو سالانہ بنیاد پر تاحیات منافع میں سے حصہ دیا جائے گا۔ منصوبے کی تکیمل کے بعد حاصل ہونے والی کرایے کی رقم تمام مالکان میں تقسیم کی جائے گی۔ ابتدائی طورپر دس ہزار ریال سالانہ کے حساب سے رقم مخصوص کی گئی ہے جو تاحیات دی جائے گی۔
 ڈاکٹر رامی بخش کا کہنا تھا ’رہائشیوں کو تفریحی سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ رہائشی ٹاور کا فلیٹ 203 میٹر کے رقبے پر محیط ہو گا جس  میں مخصوص سوئمنگ پول بھی بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں اسپورٹ کمپلیکس، جم اور پارک وغیرہ بھی خصوصی طورپر منصوبے کا حصہ ہوں گے‘۔
رہائشیوں کےلیے مسجد الحرام آمد ورفت کا خصوصی انتظام کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں سیکیورٹی کے لیے انتہائی حساس کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
منصوبہ وزارت ہاوسنگ کی زیر نگرانی ہے جس کے فلیٹوں کی قیمت بھی انتہائی مناسب رکھی گئی ہے۔ تین کمرے ، کچن، دو واش رومز اور خصوصی سوئمنگ پول پر مشتمل فیلٹ کی زیادہ سے زیادہ قیمت 350 ہزار ریال رکھی گئی ہے۔
واضح رہے منصوبے کے پہلے مرحلے پر کام آغاز کردیا گیا۔ توقع ہے کہ 15 ماہ میں فیز ون مکمل ہو جائے گا جس کا اعلان وزارت ہاوسنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔
منصوبے کو ’ڈریم پروجیکٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

شیئر: