انڈیا: دو روز قبل کنوئیں میں گرنے والے بچے کو نکالنے کی کوششیں جاری
اتوار 14 اپریل 2024 12:09
چھ سالہ بچہ جمعے کو سہ پہر تین بجے کھیلتے ہوئے کنوئیں میں گر گیا تھا (اے این آئی)
انڈیا میں بور کے لیے کھودے جانے والے کنوئیں میں گرنے والے چھ سالہ بچے کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ’بچے کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آ رہا۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ واقعہ مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا کے گاؤں منیکا میں پیش آیا، جس کو 40 گھنٹے سے زیادہ وقت گزر چکا ہے۔
عہدیدار کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیم 70 فٹ گہرے کنوئیں میں آکسیجن پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ کنوئی کے قریب دوسرا گڑھا کھود کر اس تک پہنچنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل حکام کا کہنا تھا کہ بچہ جمعے کو سہ پہر تین بجے کنوئیں کے قریب کھیلتے ہوئے اندر گر گیا اور 40 فٹ نیچے پھنس گیا۔
ریوا کے کلکٹر پریتیبھا پال نے اتوار کو نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’بچے کا پتہ چلا لیا گیا اور اس کو اوپر کھینچنے کے لیے کوششیں شروع کی گئیں تاہم بچے کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آ رہا۔‘
ڈیزاسٹر مینیجمنٹ رسپانس فورس اور مقامی انتظامیہ کے حکام اس وقت کنوئیں کے قریب موجود ہیں اور بچے کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلٰی موہن یادو نے سنیچر کو کہا تھا کہ وہ صورت حال کا خود جائزہ لے رہے ہیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
صبح کے وقت امدادی کام کرنے والی ٹیم کے سربراہ نے بتایا تھا کہ کنوئیں کے دونوں طرف 35 فٹ کے قریب کھدائی کر لی گئی ہے تاکہ بچے تک پہنچا جا سکے۔
اسی طرح پولیس کے سربراہ انیل سونکر نے بتایا تھا کہ ایک پائپ کے ذریعے بچے تک آکسیجن پہنچائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امدادی ٹیم ورانسی سے بلائی گئی ہے جو اپنی کوشش کر رہی ہے لیکن بے موسمی بارشوں کی وجہ سے امدادی کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔