یہ ’مراکشی بچے ریان جیسا سانحہ ہے‘ چھ سالہ مصری بچہ کنویں میں گر کر ہلاک
کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد غوطہ خور نعش نکالنے میں کامیاب ہوئے ( فائل فوٹو: العربیہ)
مصر میں شمالی قاہرہ کی کمشنری دمیاط میں چھ سالہ بچہ عماد محمود گہرے کنویں میں گر کر ہلاک ہوگیا۔ اس واقعہ پر پورا ملک غمزدہ ہے۔
العربیپہ نیٹ کے مطابق عماد محمود کی والدہ نے بتایا کہ’ میرے بیٹے کا سانحہ مراکشی بچے ریان جیسا ہے۔ میرے بیٹے کے ایک دوست نے اطلاع دی تھی کہ عماد ایک گڑھے میں گر گیا ہے۔ بعد میں پتہ چلا کہ بیٹا زرعی اراضی کی آبپاشی کے لیے بنائے گئے 10 میٹر گہرے کنویں میں گرا ہے‘۔
مصری بچے کی والدہ نے کہا کہ ’فوری طور پر کنویں کے پاس پہنچے مگرعماد نظر نہیں آیا۔ علاقے کے لوگوں سے مدد طلب کی گئی۔ کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد غوطہ خور نعش نکالنے میں کامیاب ہوئے‘۔
والدہ نے کہا کہ’ اس کے بیٹے نے مٹھائی خریدنے کے لیے پیسے مانگے تھے اور وہ ٹیوشن کے لیے جارہا تھا۔ اسی دوران راستے میں اس کا پیر پھسلا اور کنویں میں گر گیا جو اچھی طرح سے بند نہیں تھا‘۔
اس واقعہ پر پورا ملک غمزدہ ہے۔ عماد کے جنازے میں سکول کے بچے اپنے والدین کے ہمراہ شریک تھے۔
عماد کی نعش نکالنے والے غوطہ غور علی صابر نے بتایا کہ ’کنواں 300 ایکڑ زمین کی آبپاشی کے لیے مختص ہے۔ اس میں کئی بڑے پائپ لگے ہوئے ہیں۔ پانی کا دباؤ شدید ہے۔اسی وجہ سے بچے کی نعش کو نکالنے میں مشکل پیش آئی۔ بچے کی نعش دو میٹر قطر والے ایک بڑے پائپ میں پھنسی ہوئی تھی‘۔
علی صابر نے بتایا کہ’ میں وہ لمحہ کبھی فراموش نہیں کرسکتا جب بچے کی نعش اس کے والد کے حوالے کی۔ والدہ غم سے نڈھال تھی‘۔
سیکیورٹی حکام نے ضروری کارروائی کےبعد بچے کی نعش اہل خانہ کے حوالے کی۔