انڈین فلم انڈسٹری پر گہری چھاپ رکھنے والا دیو آنند خاندان
انڈین فلم انڈسٹری پر گہری چھاپ رکھنے والا دیو آنند خاندان
اتوار 26 جنوری 2025 5:26
یوسف تہامی -دہلی
دیو آنند، تینوں بھائیوں اور ان کی بہن کی بیٹیوں کے شوہر اور بچوں کا ایک عرصے تک انڈین فلم انڈسٹری پر راج رہا (فائل فوٹو: فلِکر)
کیا آپ جانتے ہیں کہ معروف اداکارہ وحیدہ رحمان کا بھی دیو آنند خاندان سے تعلق ہے؟
اس سے قبل ہم انڈین فلم انڈسٹری کے معروف کپور خاندان، گانگولی اور سامرتھ خاندان کے بارے میں بات کر چکے ہیں۔ لیکن آج ہم دیو آنند خاندان کے بارے میں بات کرتے ہیں جن کا فلم انڈسٹری میں ایک عرصے تک زبردست رسوخ رہا ہے۔
دیو آنند پنجاب کے ضلع گورداس پور میں پیدا ہوئے لیکن ان کی ابتدائی تعلیم ڈلہوزی میں ہوئی جو کہ اس وقت پنجاب صوبے کا حصہ تھا۔ ثانوی سکول کی تعلیم انہوں نے دھرم شالہ سے حاصل کی جبکہ کالج اس زمانے کے معروف شہر لاہور کے گورنمنٹ کالج سے کیا جہاں سے انہیں فلموں کا شوق پیدا ہوا اور ہیرو بننے بمبئی (آج ممبئی) پہنچ گئے۔
لیکن یہاں یہ بات یاد رہے کہ ان کے بڑے بھائی چیتن آنند ان کے لیے انسپریشن تھے کیونکہ وہ ان سے پہلے بمبئی آ چکے تھے اور اگرچہ وہ ان سے صرف دو سال بڑے تھے لیکن تجربے میں کہیں زیادہ آگے تھے۔
چیتن آنند نے بھی لاہور کے گورنمنٹ کالج سے انگریزی میں گریجویشن کیا تھا اور اس کے بعد تھوڑے دنوں تک وہ دہرہ دون کے معروف دون سکول میں استاد بھی رہے جبکہ انگریزوں کے زمانے میں سول سروسز کا امتحان دینے لندن بھی گئے۔ ناکامی کے بعد 1940 کی دہائی میں بمبئی چلے آئے جہاں انہوں نے انڈین پیپلز تھیئٹر ایسوسی ایشن یعنی اپٹا میں شمولیت اختیار کی اور اداکاری سیکھی اسی کے ساتھ وہ پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن سے بھی منسلک ہو گئے۔
دیو آنند کے ممبئی آنے سے قبل وہ فلم ’اشوک‘ کی سکرپٹ لکھ چکے تھے اور فلم ’راجکمار‘ میں لیڈ اداکار تھے۔ لیکن انہوں نے جلد ہی اداکاری سے فلم سازی کی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی پہلی فلم ’نیچا نگر‘ بنائی جو پہلی انڈین فلم تھی جسے کانز فلم فیسٹیول میں 1946 میں پام دی اور ایوارڈ سے نوازا گيا۔
اسی فلم سے اداکارہ کامنی کوشل نے اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی جبکہ پنڈت روی شنکر نے بھی اسی فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
پھر دونوں بھائیوں چیتن اور دیو آنند نے مل کر ’نو کیتن پروڈکشن‘ قائم کیا جس نے بازی، آندھیاں، ٹیکسی ڈرائیور، کالا پانی، کالابازار، ہم دونوں، تیرے گھر کے سامنے، گائیڈ، جیول تھیف جیسی معروف فلمیں دیں۔
سنہ 2011 میں دیو آنند کی موت تک نوکیتن فلمز نے درجنوں فلمیں بنائیں۔
بعد میں ان کے چھوٹے بھائی وجے آنند بھی فلموں میں آ گئے۔ انہوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری، سکرپٹ رائٹنگ اور فلم سازی بھی کی۔ انہیں فلم ’میں تلسی تیرے آنگن کی‘ میں اچھا خاصا کردار ملا تھا۔
دیو آنند دراصل چار بھائی ایک بہن تھے۔ ان کی بہن شیل کانتا کی شادی لاہور کے ایک ڈاکٹر کلبھوشن کپور سے ہوئی۔ ان دونوں کے ہاں 6 دسمبر 1945 کو ایک بیٹا پیدا ہوا جو بڑھ کر معروف فلم ساز شیکھر کپور بنا۔ انہوں نے اداکارہ سوچترا کرشنا مورتھی سے شادی کی۔
شیکھر کپور کے بھائی وشال آنند بھی فلموں سے وابستہ رہے اور چند فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
چیتن آنند نے اوما آنند سے شادی کی جو کہ ایک صحافی اور اداکارہ رہیں۔ جبکہ ان دونوں کے بیٹے کیتن آنند بھی فلموں سے وابستہ رہے۔ انہوں نے کئی اچھی فلمیں دی ہیں۔
یہاں ایک اداکارہ کا ذکر ضروری ہے جو چیتن آنند کے بہت قریب تھیں۔ ان کا نام پریہ راجونش تھا اور جنہوں نے فلم ’فلم ہیر رانجھا‘ اور ’ہنستے زخم‘ میں کام کیا تھا۔ اگرچہ ان دونوں نے شادی نہیں کی لیکن پارٹنر کی طرح رہے۔
پریہ راجونش کے بھائی کملجیت ہیں جنہوں نے ’سن آف انڈیا‘ اور ’شگون‘ میں اداکاری کی ہے۔ انہوں نے اداکارہ وحیدہ رحمان سے شادی کی۔ ان دونوں کے ہاں دو بچے پیدا ہوئے لیکن وہ فلموں سے دور ہیں۔
دوسری جانب دیوآنند نے کلپنا کارتک سے شادی کی جو خود ایک اداکارہ رہی ہیں۔ ان کے دو بچے ہیں جن میں سے سنیل آنند فلموں سے منسلک ہیں۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے ہدایت کاری میں بھی قسمت آزمائی کی ہے۔
شیل کانتا کپور کی بیٹیوں نے بھی فلموں میں قسمت آزمائی کی لیکن زیادہ شہرت حاصل نہ کر سکیں۔ ان میں سوہیلا کپور اور نیلو ہیں۔
نیلو کی شادی معروف اداکار نوین نشچل سے ہوئی۔ اس طرح وہ آنند خاندان کے داماد ٹھہرے۔ انہوں نے 1970 میں ’فلم ساون بھادوں‘ کے ساتھ اپنے فلمی کریئر کی ابتدا کی اور پھر درجنوں فلموں میں لیڈ اداکار کے طور پر نظر آئے۔
معروف اداکار بلراج ساہنی کے بھائی پریکشت ساہنی بھی آنند خاندان کے داماد ٹھہرے۔ انہوں نے دیو آنند کی بھانجی ارونا کپور سے شادی کی تھی۔ اس طرح دیکھا جائے تو ساہنی خاندان بھی آنند خاندان کا حصہ ٹھہرا۔
پریکشت ساہنی نے 100 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کی ہے لیکن بعد میں وہ ٹی وی سیریئلز میں زیادہ نظر آنے لگے۔ آپ نے عامر خان کی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ میں انہیں فرحان کے والد قریشی صاحب کے کردار میں دیکھا ہو گا۔
اگر دیکھا جائے تو دیو آنند، تینوں بھائیوں اور ان کی بہن کی بیٹیوں کے شوہر اور بچوں کا ایک عرصے تک انڈین فلم انڈسٹری پر راج رہا اور آج بھی ان کی چھاپ فلموں میں نظر آتی ہے کیونکہ شیکھر کپور آج بھی سرگرم ہیں اور انہوں نے معصوم، مسٹر انڈیا، بینڈت کوئن، ایلزبتھ جیسی فلموں کی ہدایت کاری کی ہے۔