کمبوڈیا نے ٹاس جیت کر عمان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اوپنر نسیم خوشی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 69 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔
اوورز کی کم تعداد دیکھتے ہوئے بلے بازوں نے تیزی سے سکور کرنے کی کوشش کی جس میں رفیع اللہ نے 23، خالد خلیل نے 19 اور ایان خان نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔
کمبوڈیا کے شروان گودیرا،اوتکریش جین اور ویمکھتی ویراج نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کمبوڈین ٹیم کے کپتان لقمان بٹ نے مستحکم بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تاہم کوئی کھلاڑی مستقل طور پر ان کا ساتھ نہیں دے سکا۔
کمبوڈیا کی ٹیم مقررہ 11 اوورز میں سات وکٹوں پر91 رنز بنا سکی اور اسے 63 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
عمان کے عاقب الیاس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 17 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ رہے۔
اے سی سی پریمیئر کپ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں سعودی عرب نے ہانگ کانگ کو 55 رنز سے شکست دے دی۔
سعودی عرب کی ٹیم نے ایک روز قبل ملائیشیا سے 12 رنز کی شکست کے بعد اس میچ میں جارحانہ انداز اپنایا اور ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 202 رنز بنائے۔
سعودی ٹیم کے اوپنر عبدالوحید نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 10 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز بنائے اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
منان علی نے 18 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 44، فیصل خان نے 30 اور کپتان ہشام شیخ نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
ہانگ کانگ کے بولرز احسان خان نے 3 اور اعزاز خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 147 رنز بنا سکی۔
ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے 73 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے میچ پر گرفت مضبوط رکھنے کی کوشش کی تاہم وہ فتح حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں انشے راتھ نے 29 اور ذیشان علی نے 18 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی، ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر تک نہ پہنچ سکا۔
سعودی ٹیم کے بولر زین العابدین نے چار اوورز میں 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عثمان نجیب نے بھی تین کھلاڑیوں کو پویلیئن کی راہ دکھائی۔ کپتان ہشام شیخ نے 2 اوراشتیاق احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔