Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے بحرین کو 10 وکٹوں سے ہرا کر اے سی سی کپ جیت لیا

شہزادہ سعود بن مشعل نے اس موقعے پر کہا کہ ’میں اپنی قیادت کو مبارکباد پیش کرنا چاہوں گا۔‘ (فوٹو: عرب نیوز)
بنکاک میں ہونے والے اے سی سی مینز چیلنجر کپ کے فائنل میں سعودی عرب کی قومی کرکٹ ٹیم نے بحرین کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ٹیم میچ کے 50 اوورز میں غالب رہی۔ بحرین کی پوری ٹیم 21.1 اوورز میں صرف 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سعودی عرب نے 4.1 اوورز میں کسی نقصان کے بغیر 30 رنز بنائے۔
تھائی لینڈ میں موجود سعودی عریبین کرکٹ فیڈرئشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل نے اس موقعے پر کہا کہ ’میں اپنی قیادت کو مبارکباد پیش کرنا چاہوں گا جنہوں نے ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا۔‘
’میں بورڈ آف ڈائریکٹرز، منتظمین کی ٹیم اور خاص طور پر کھلاڑیوں کا کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔ انہوں نے بہترین کرکٹ کھیل کر کپ جیتا۔‘
شہزادہ سعود بن مشعل کا کہنا تھا کہ ’یہ ہم سب کے لیے فخر کرنے کا موقع ہے۔ ٹیم کی یہ جیت سعودی عرب میں کرکٹ کھیلنے والی اگلی نسلوں پر اثر ڈالے گی۔ یہ مزید کامیابیوں کی شروعات ہے۔‘
سعودی عرب کے سٹار بولر عاطف الرحمن کو مین آف دی میچ قراد دیا گیا جنہوں نے آٹھ اوورز میں چار وکٹیں حاصل کیں، اور صرف 10 رنز دیے۔
ٹورنامنٹ میں بہترین پرفارمنس دینے والے کھلاڑی اشتیاق احمد کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ شہزادہ سعود بن مشعل نے انہیں ٹرافی دی۔
سعودی عرب نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور بحرین کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بحرین کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک کریز پر قدم نہ جما سکا اور ایک مضبوط شراکت داری قائم نہ ہو سکی۔
تمام 10 وکٹیں 21.1 اوورز میں گر گئیں اور صرف 26 رنز ہی بن سکے۔ بحرین بیٹر عبدالماجد عباسی نے سب سے زیادہ سات رنز بنائے۔

سعودی عرب کے اوپنرز وقار الحسن اور عبدالوحید نے 26 رنز کا ہدف صرف چار اوورز میں ہی پورا کر لیا (فوٹو: عرب نیوز)

سعودی عرب کے بولر عاطف الرحمن نے چار، احمد نے تین اور عبدالوحید نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
سعودی عرب کے اوپنرز وقار الحسن اور عبدالوحید نے 26 رنز کا ہدف صرف چار اوورز میں ہی پورا کر لیا۔ وقار الحسن نے 12 گیندوں پر 16 رنز، جبکہ عبدالوحید نے 13 گیندوں پر چھ رنز بنائے۔
اس ٹورنامنٹ میں سعودی عرب نے پانچ میچ کھیلے اور اسے پانچ میچز میں ہی فتح ملی۔ میانمار کے خلاف سعودی عرب نے ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ 424 رنز بنائے۔
ٹرافی کا جشن منانے سے پہلے شہزادہ سعود بن مشعل کی جانب سے کھلاڑیوں کو میڈل دیے گئے۔

شیئر: