’اقتصادی تعاون‘، سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اسلام آباد میں
’اقتصادی تعاون‘، سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اسلام آباد میں
پیر 15 اپریل 2024 16:39
بشیر چوہدری، اردو نیوز۔ اسلام آباد
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان وزیراعظم شہباز شریف سمیت پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے جس کا مقصد دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانا اور پہلے سے طے شدہ سرمایہ کاری کے معاہدوں کو آگے بڑھانا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان پیر کو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔ نور خان ایئر بیس چکلالہ پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
سوموار کو موسم کی خرابی کے باعث سعودی وزیر خارجہ کا طیارہ دو گھنٹے سے زائد تاخیر کے بعد اسلام آباد پہنچا۔
اس موقع پر پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔
وزیر خارجہ کے دورے میں سعودی عرب کے وفد میں شامل دیگر وزراء کچھ گھنٹوں کے وقفے سے اسلام آباد پہنچے جن کا استقبال وفاقی کابینہ کے اراکین نے کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس وفد میں وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائے وفد میں شامل تھے۔
سعودی عرب کے سرمایہ کاری کے اسسٹنٹ منسٹر ابراہیم یوسف المبارک بھی وفد کا حصہ ہیں۔ سعودی عرب کے وفد کے دیگر ارکان میں رائل کورٹ اور دیگر شعبوں کی معزز شخصیات اور محکموں کے اعلی حکام شامل ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے (6 تا 8 اپریل) دورہ سعودی عرب کے ایک ہفتے بعد سعودی عرب کا اعلی سطح وفد پاکستان آ رہا ہے۔
وزارت خارجہ کے حکام کے مطابق ایک ہفتے میں سعودی وفد کا پاکستان آنا دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ذہنی ہم آہنگی، باہمی اعتماد و تعاون اور دونوں ممالک کی ترقی کے یکساں عزم کا مظہر ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائے، سرمایہ کاری کے اسسٹنٹ منسٹر ابراہیم یوسف المبارک اور دیگر اعلیٰ حکام کا پاکستان تشریف لانا سعودی عرب کی جانب سے وزیر اعظم کو دی جانے والی اہمیت کا مظہر ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وفد سرمایہ کاری کے اگلے مراحل اور عمل درآمد کے امور پر مشاورت کرے گا۔ زراعت، تجارت، توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں میں سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے، ریکوڈک منصوبے میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے امور زیرغور آئیں گے۔ اس دورے کے نتیجے میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور نئے امکانات کی راہیں ہموار ہوں گی۔
سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد کی آمد نہ صرف ایس آئی ایف سی کے مقاصد کے حصول میں مددگار ثابت ہو گی بلکہ پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال میں مزید بہتری اور اعتماد لانے کا بھی باعث بنے گی۔