Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نو روزہ دورہ مکمل کرکے سعودی عرب واپس روانہ

سیکٹری جنرل رابطہ عالمی اسلامی نے اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی ایکس)
سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ پاکستان کا نو روزہ مکمل کرکے سعودی عرب واپس روانہ ہوگئے ہیں۔
اپنے دورے کے دوران انھوں نے فیصل مسجد میں نماز عید کا خطبہ دینے، سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ساتھ سیاسی اور مذہبی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
سوموار کو اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی، سیکرٹری مذہبی امور اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سمیت اعلیٰ حکام نے انھیں رخصت کیا۔
اس موقع پر انھوں نے بہترین مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے دورے کو کامیاب قرار دیا۔
سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی 7 اپریل کو نو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ ان کی آمد پر وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا تھا۔ 

خطبہ نماز عید

پاکستان پہنچنے کے اگلے دن سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نے علمائے کرام کے ساتھ افطار کیا۔ اس موقع پر انھوں نے مختلف علما سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ان کے دورے  کی سب سے اہم مصروفیت عیدالفطر کے موقع پر فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز عید کا خطبہ دینا تھا۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے شاہ فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز عید کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی ایکس)

ہزاروں کے اجتماع کو خطبہ دیتے ہوئے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے کہا ہے کہ امت کے تمام مسائل کا حل اتحاد میں مضمر ہے۔
اپنے خطبے میں ان کا کہنا تھا کہ امت کی کامیابی کا راز اتحاد میں ہے۔ ’اس اتحاد اور محبت کی بنیاد اپنے گھروں سے کیجیے۔ اپنے اہل خانہ سے محبت اور احترام کے ساتھ ساتھ اپنی اولاد کی اچھی تربیت کیجیے۔
انھوں نے کہا کہ ’لوگو، اللہ کے لیے ایک دوسرے سے محبت کرو۔ یہ اللہ کا حکم بھی ہے اور اللہ کے رسول نے باہمی محبت کا درس دیا ہے۔

ڈاکٹر العیسٰی نے یتیم  بچوں کے ساتھ کافی وقت گزارا اور عیدی بھی تقسیم کی۔ (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی ایکس)

انہوں نے خطبے میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالی ان کی مدد فرمائے اور مسلمانوں کو بھی حکمت، دانائی اور دعاؤں کے ذریعے فلسطین کے لوگوں کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اسی شام وہ رابطہ عالم اسلامی کے تحت یتیم بچوں کے لیے قائم ادارے دار علی بن ابی طالب گئے جہاں انھوں نے یتیم بچوں کے ساتھ عید منائی۔
انھوں نے ادارے میں زیر تعلیم اور رہائش پذیر یتیم بچوں کے ساتھ ملے۔ انھوں نے بچوں کے ساتھ کافی وقت گزارا اور عیدی بھی تقسیم کی۔ سیکریٹری جنرل نے یتیم بچوں کے ساتھ مل کر کچھ کھیلوں میں بھی حصہ لیا۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے کہا ہے کہ امت کے تمام مسائل کا حل اتحاد میں مضمر ہے۔ (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی ایکس)

دورے کے دوران سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایک سال سے جاری دس سال سے کم عمر حفاظ کے مقابلے کے اختتامی پروگرام اور سیرت النبی میوزیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کا بہت مضبوط رشتہ ہے، سچے ایمانی جذبے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔‘
تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’ہم کم سن حفاظ قرآن کے لیے آج اکٹھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت حفاظ قرآن کو اہمیت دیتی ہے۔‘

ڈاکٹر العیسٰی نے رابطہ عالم اسلامی کے تحت یتیم بچوں کے لیے قائم ادارے میں یتیم بچوں کے ساتھ عید منائی۔ (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی ایکس)

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کی پہچان سچا ایمان اور قربانیاں ہیں۔ جو شخص بھی پاکستان کا دورہ کرتا ہے اسے اسلام کی سچائی نظر آتی ہے۔‘
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی قوم اپنے عقیدے اور اسلامی اقدار سے محبت کرنے والی قوم ہے۔‘
’دنیا کی ہدایت کے لیے قرآن مجید کو نازل کیا گیا۔ اسے سمجھنے کے بعد ہی اس پر عمل کیا جا سکتا ہے، یہ معتدل تعلیمات پر مشتمل ہے۔‘

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے عقیدے اور اسلامی اقدار سے محبت کرنے والی قوم ہے۔ (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی ایکس)

اسی روز انھوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔
شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کی کامیابی پر مبارک باد بھی دی۔
اس ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اتحاد امت اور عالمی سطح پر امن کے پیغام کو عام کرنے میں رابطہ عالم اسلامی کے کردار کو سراہا۔

Caption

دورے کے دوران رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات بھی کی۔ اس ملاقات میں قانونی مسائل، قانون سازی اور ماتحت عدلیہ کے نظام سمیت عدالتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان کے دورے کا آخری پروگرام پاکستان میں سعودی سفیر کی رہائش گاہ پر علمائے کرام کے ساتھ ملاقات تھی۔ اس ملاقات میں مولانا فضل الرحمان سمیت متعدد علمائے کرام موجود تھے۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے اپنی گفتگو میں پاکستان کے علماء اور عوام کی اسلام اور سعودی عرب کے ساتھ والہانہ محبت کی تعریف کی۔
اس موقع پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی علما کا سعودی عرب کے ساتھ قدیم روحانی اور برادرانہ تعلق ہے۔‘

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات بھی کی۔ (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی ایکس)

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستانی علما کا سعودی عرب کے ساتھ قدیم روحانی اور برادرانہ تعلق ہے۔ ہمارے فلسطینی بھائی جس وحشیانہ بربریت کا سامنا کر رہے ہیں اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔‘
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’اسرائیل کو عالمی قوتوں کی سرپرستی حاصل ہے جہاں انسانی حقوق کو پامال کر کے بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔‘

ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کون ہیں؟

شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی 12 اگست 2016 کو سیکریٹری جنرل تعینات ہوئے تھے۔

شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی 12 اگست 2016 کو سیکریٹری جنرل تعینات ہوئے تھے۔ (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی ایکس)

انھوں نے اسلامی فقہ کے تقابلی مطالعے میں گریجویشن کر رکھی ہے جب کہ آئینی قانون اور جنرل قانون کے مطالعات اور تقابلی عدالتی مطالعات میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر ہیں۔
 اسلامی فقہ اور جدید قانون پر سعودی عرب کے اندر اور باہر اہم علمی و فکری و تحقیقی اداروں میں لیکچرز دیتے رہتے ہیں۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل سعودی عرب، خصوصا امریکہ اور یورپی ممالک میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے مقالات کا زبانی امتحان لیتے ہیں۔
ڈاکٹر العیسی متعدد کتابوں کے مصنف ہیں جبکہ فقہی، قانونی و فکری اور انسانی حقوق کے موضوعات پر مدلل علمی مقالات، معتبر مجلات میں شائع کرتے رہتے ہیں۔

ڈاکٹر العیسی متعدد کتابوں کے مصنف ہیں ۔ (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی ایکس)

ڈاکٹر العیسی عدلیہ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ رابطہ عالم اسلامی کے  سیکریٹری جنرل بننے سے قبل اعلی عدالت کے سربراہ کےعہدے تک پہنچ چکے تھے۔
 متعدد ممالک اور عالمی اداروں و تنظیموں نے انھیں ایوارڈز سے نوازا ہے۔ ملائیشیا وفاقی روس، سینیگال، سری لنکا، مصر، متحدہ عرب امارات، پاکستان، بلغراد اور دیگر ممالک سے اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
 لاہور پاکستان کی مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی نے انھیں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی ہے۔

شیئر: